Thursday, October 16, 2025 | 24, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • اوقاف کا تحفظ ہماری ترجیح: سید سعادت اللہ حسینی۔ جماعت کے’وقف ہیلپ ڈیسک‘ کا افتتاح

اوقاف کا تحفظ ہماری ترجیح: سید سعادت اللہ حسینی۔ جماعت کے’وقف ہیلپ ڈیسک‘ کا افتتاح

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Oct 15, 2025 IST

اوقاف کا تحفظ ہماری ترجیح: سید سعادت اللہ حسینی۔ جماعت کے’وقف ہیلپ ڈیسک‘ کا افتتاح
حکومت کی طرف سے جاری ’ امید پورٹل ‘ پر وقف جائیدادوں کی تفصیلات اپلوڈ کرنے اور رجسٹریشن کے کام میں تیزی لانے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں وقف ہیلپ ڈیسک ( بیک اینڈ سپورٹ سسٹم )  کا افتتاح عمل میں آیا۔ہیلپ ڈیسک کے ذریعے اوقاف کے متولیان ، آئمہ مساجد اور دینی اداروں کے ذمہ داران ہیلپ ڈیسک سے براہ راست رابطہ کرکے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ وقف ہیلپ ڈیسک کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کیا۔ 
 
 اوقافی جائیداد کا تحفظ امت کیلئے چیلنج
اپنے افتتاحی کلمات میں امیر جماعت  ہند، سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ "اوقاف کے تحفظ کا مسئلہ پوری امت کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے ۔اس چیلنج کا مقابلہ پوری ملت کو متحد ہو کر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وقف ڈپارٹمنٹ بہت دنوں سے اس میدان میں کام کر رہا ہے ۔ مرکز کے ساتھ ساتھ متعدد ریاستوں میں بھی وقف رجسٹریشن کے کام کو شروع کر دیا گیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ملت کے پاس وقف رجسٹریشن کے لیے وقت بہت کم ہے اور کام بہت بڑا ہے۔ اس لیے بڑے پیمانے پر ملک بھر میں اس طرح کے مراکز بنانے اور ان کے ذریعے اوقاف کے رجسٹریشن کے کام کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ 
 
رجسٹریشن کا مطلب کالے قانون کےخلاف جدو جہد کو ختم کرنا نہیں ہے 
 سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے عبوری فیصلہ کے بعد ضروری ہو گیا ہے کہ دستاویزات کی بنیاد پر وقف جائیدادوں کو وامسی پورٹل پر اپلوڈ کرکے رجسٹریشن کے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تا کہ مقررہ وقت پراس کام کو پورا کیا جا سکے۔" سید سعادت اللہ حسینی نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کا مطلب غیر منصفانہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف جدو جہد کو ختم کرنا نہیں ہے بلکہ رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ اس کالے قانون کے خلاف قانونی جدو جہد کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ 
 
اوقاف کے رجسٹریشن کیلئے تنظیمی سطح پر وسیع تر بندوبست 
وقف ہیلپ ڈیسک کا تعارف کراتے ہوئے سینٹر کے کو آرڈینیٹر انعام الرحمان خان نے کہا کہ "اوقاف کے ڈاکومینٹیشن کا کام آسان نہیں ہے ۔امید پورٹل پر دستاویزات اپلوڈ کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہیں مشکلات کو دھیان میں رکھتے ہوئے وقف ہیلپ ڈیسک کی شروعات کی گئی ہے۔" انہوں نے بتایا کہ اس ڈیسک سے رجسٹریشن کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند نے اوقاف کے رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے تنظیمی سطح پر وسیع تر بندوبست کئے ہیں۔ اس کام کو با قاعدگی سے انجام دینے کے لیے ریاستی سطح پر  وقف سیل قائم کیے گئے ہیں۔ اپنے بیان میں انعام الرحمن نے کہا ہے کہ "مرکزی ہیلپ ڈیسک و ریاستی وقف سیل کی نگرانی میں مستقل ہیلپ لائن قائم کی گئی ہیں جہاں ماہرین قانون، ماہرین وقف اور وقف کارکنان  کی خدمات حاصل کی جا رہی ہے اور زمینی سطح پر کام کرنے والوں کو بڑے پیمانے پر بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کی جارہی ہے۔" 
 
وقف تحفظ کمیٹیاں تشکیل دینے پر زور 
اس موقع پر اپیل کی گئی کہ والنٹیرس کی نیٹ ورکنگ اور نگراں کمیٹیوں کے قیام پر خاص توجہ دی جائے۔ ہر علاقے میں نوجوانوں، سرکاری ملازموں اور دیگر لوگوں پر مشتمل  وقف تحفظ کمیٹیاں بنائی جائیں جو مقامی وقف جائیدادوں پر کسی بھی قسم کے ناجائز قبضے یا غیر قانونی سرگرمی پر نظر رکھیں اور ان کے دستاویزات کے حصول، درستگی اور رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر جماعت کی جانب سے اوقاف کو امید پورٹل پر اپلوڈ کرنے کے لیے رہنما اصول اور گائیڈ لائن بھی جاری کی گئی۔ وقف ہیلپ ڈیسک کی افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں جماعت اسلامی ہند کے مرکزی ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔