Monday, February 02, 2026 | 14, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • پاکستان نے بھارت سے ٹی20 ورلڈ کپ میچ کھیلنے سے کیوں کیا انکار ؟

پاکستان نے بھارت سے ٹی20 ورلڈ کپ میچ کھیلنے سے کیوں کیا انکار ؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Feb 02, 2026 IST

پاکستان  نے بھارت سے ٹی20 ورلڈ کپ  میچ کھیلنے سے کیوں  کیا انکار ؟
پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، یعنی پاکستان نے اس میچ کا بائیکاٹ  کیاہے۔ پاکستان نے یہ فیصلہ بنگلہ دیش کی حمایت میں لیا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی، لیکن بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
 
بتا دیں کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نہیں بلکہ پاکستان حکومت  کی جانب سے  لیا گیا ہے۔اتوار  یکم فروری کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان جاری کیا  گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے، لیکن 15 فروری 2026 کو سری لنکا کے کولمبو میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں ٹیم میدان میں نہیں اترے گی۔
 
اس فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس فیصلے پر غور کرے۔ آئی سی سی نے بیان میں کہا کہ پاکستان کا یہ فیصلہ کرکٹ کے گلوبل ایکو سسٹم کو متاثر کرے گا، پاکستان خود آئی سی سی کا رکن ہے، اس لیے وہ چاہتا ہے کہ پاکستان تمام سٹیک ہولڈرز کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے۔
 
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم طے شدہ شیڈول کے مطابق سری لنکا جائے گی اور آئی سی سی کے تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کرے گی۔
 
کیا ہے تنازعہ:
 
یہ تنازع بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر حملوں کے بعد شروع ہوا جب بھارت میں بنگلہ دیشی کرکٹ کھلاڑیوں کے خلاف احتجاج ہوا۔ اس کے نتیجے میں بی سی سی آئی کے ہدایات پر آئی پی ایل ٹیم KKR نے بنگلہ دیشی تیز گیند باز مستفیض الرحمن کو ٹیم سے باہر کر دیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے بھارت میں آ کر ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کر دیا اور مطالبہ کیا کہ ان کے میچز بھارت کی بجائے سری لنکا میں منتقل کیے جائیں۔ آئی سی سی نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔ بنگلہ دیش اپنے موقف پر ڈٹا رہا، جس کے نتیجے میں 24 جنوری 2025 کو آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے خارج کر کے اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
 
اس فیصلے پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا اور بنگلہ دیش کی حمایت میں آواز اٹھائی۔ پاکستان نے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بنگلہ دیش کی درخواست کی حمایت کی تھی اور چیئرمین محسن نقوی نے مکمل بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی تھی۔ اب پاکستان نے بنگلہ دیش کی حمایت میں صرف بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
تاہم یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات میں ایک نیا تنازع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان بات چیت سے کیا کوئی حل نکلتا ہے یا صورتحال مزید خراب ہوتی ہے۔