جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں دھند اور شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ دھند کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت میں خلل پڑرہا ہے جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں سردی سے بھی مسائل میں اضافہ ہورہاہے۔ وادی بھر میں کئی بڑی سڑکوں پر بصارت خراب رہی جن میں سری نگر۔جموں قومی شاہراہ، بارہمولہ۔ہندواڑہ روڈ کی اہم سڑکیں شامل ہیں۔ سیاحت کیلئے آنے والوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت بہت زیادہ سردی ہے جبکہ دھند کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
دھند نے قومی دارالحکومت کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا
وہیں قومی دارالحکومت کو بھی دھند نے پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیاہے۔ دہلی اس وقت شدید دھند اور خراب ہوا کے معیار کا سامنا کر رہی ہے۔ گھنے دھند کی وجہ سے مرئیت کم ہو رہی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس کو شدید اور انتہائی ناقص زمروں میں ڈھکیل رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف سڑک پر گاڑی چلانے والوں کو مسائل کا سامنا ہے بلکہ پروازوں میں بھی خلل پڑرہا ہے۔
آلودگی کی سطح صحت کیلئے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہے جو حکام کو غیر ضروری تعمیرات پر پابندی لگانے جیسے سخت پابندیوں کو نافذ کرنے پر مجبور کررہی ہے۔اس کے علاوہ یہ انتہائی آلودگی سانس لینے میں دشواری کا باعث بھی بن رہی ہے جس کا موازنہ روزانہ کئی سگریٹ پینے سے کیا جاسکتا ہے اور یہ صحت کی ایک بڑی تشویش ہے ۔ فضائی آلوددگی اور دھند کی وجہ سے طلبا۔ ملازمین اور صبح کے وقت چہل قدمی کرنے والے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ڈاکٹروں نے چھوٹے بچوں اور ضعیف افراد کو محتاط رہنے کا مشورہ دیاہے۔
ادھر دوسری جانب اترپردیش کے کئی علاقوں میں بھی شدید سردی اور دھند کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آگرہ اور دیگر علاقوں میں صبح کے وقت بہت زیادہ دھند کی وجہ سے لوگوں کو مشکلوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق دھند بہت زیادہ ہونے سے خاص طورپر گاڑی چلانے والوں کے علاوہ صبح کے وقت چہل قدمی کرنے والوں کو بھی پریشانی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ دھند کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ صبح کے وقت تاج محل کا نظارہ بھی مشکل ہوگیاہے۔