بھارت کے لیے سڈنی ٹیسٹ میچ سے بری خبر سامنےآئی ہے۔ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بمراہ میدان میں زخمی ہوگئے ہیں ،لنچ کے بعد پہلے اوور میں وہ کافی بے چین نظر آئے،جس کے باعث انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ بمراہ کی غیر موجودگی کی وجہ سے اب ویراٹ کوہلی کپتانی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بمراہ کو اسکین کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی چوٹ کتنی سنگین ہے۔ لیکن یہ ہندوستانی ٹیم اور شائقین کے لیے یقیناً ایک بری خبر ہے۔
ہندوستانی لیجنڈ روی شاستری نے فاکس کرکٹ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے بمراہ کے تعلق سے کہا کہ وہ ڈاکٹرسے ملنے جا رہے ہیں، اسکین کروائیں گےہمیں کچھ دیر میں مزید معلومات ملیں گی۔ ہمیں بس یہی محسوس ہو رہاتھا کہ وہ کچھ ٹھیک نہیں ہے، اس کا سیریز پر بہت بڑا اثر پڑ سکتا ہے۔خیال رہے کہ بمراہ طویل عرصے سے کمر کی چوٹ کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ پچھلے سال نیوزی لینڈ میں ان کی کمر کا آپریشن بھی ہوا ۔بمراہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ اس انجری کی وجہ سے انہیں کافی وقت تک میدان سے باہر رہنا پڑا تھا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ بمراہ اس سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ سڈنی میں بھی بمراہ اپنی گیند بازی سے ہلچل پیدا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اب تک سڈنی ٹیسٹ میچ میں بمراہ نے 10 اوور کیے جس میں 33 رنز دے کر دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔ لیکن اب جب کہ بمراہ میدان سے باہر ہیں، شائقین کافی مایوس ہیں۔
واضح رہے کہ بمراہ اس سیریز میں اب تک 32 وکٹیں لے چکے ہیں۔ بمراہ ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں غیر ملکی سرزمین پر کھیلی گئی سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ہندوستانی بولر بھی بن گئے ہیں۔اسکے علاوہ انہوں نے 47 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ ان سے پہلے، بشن سنگھ بیدی نے 1977-78 کی آسٹریلیا سیریز میں 23.87 کی اوسط سے 31 وکٹیں حاصل کی تھیں۔