• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • جھارکھنڈ حکومت نے 56 لاکھ سے زیادہ مستحقین کے کھاتوں میں رقم منتقل کی

جھارکھنڈ حکومت نے 56 لاکھ سے زیادہ مستحقین کے کھاتوں میں رقم منتقل کی

Reported By: | Edited By: Mohd Muddassir | Last Updated: Jan 06, 2025 IST

image
 
رانچی: مُکھیہ منتری میاں سمان یوجنا کے تحت اب جھارکھنڈ کی 18 سال سے 50 سال کی خواتین کو 2500 روپے ماہانہ ملیں گے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پیر 6 جنوری کو نمکم کے کھوجاٹولی آرمی کیمپ گراؤنڈ میں ریاستی حکومت کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں یہ بات کہی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ڈی بی ٹی کے ذریعے بٹن دبا کر 56 لاکھ 61 ہزار 791 مستحقین کے کھاتوں میں 1415 کروڑ 44 لاکھ 77 ہزار روپے کی رقم جاری کی۔
 
ریاست بھر سے خواتین کی ایک بڑی تعداد نمکم کے کھوجاٹولی آرمی گراؤنڈ پر پہنچی تھی، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور ایم ایل اے کلپنا سورین کا شاندار استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے نہ صرف خواتین کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خوش آمدید کہا بلکہ پروگرام کے دوران درمیان میں آتش بازی کرکے انکی عزت افزائی کی گئی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے جلسہ گاہ میں موجود خواتین سے بات کی اور حاصل ہونے والی رقم کے خرچ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دوران خواتین نے کھل کر وزیراعلیٰ کو رقم خرچ کرنے کا اپنا منصوبہ بتایا۔ کچھ نے بچوں کی تعلیم پر رقم خرچ کرنے کی بات کی جبکہ کچھ نے صحت اور گھریلو اخراجات کی بات کی۔
 
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ہیمنت سورین نے ریاست کی غربت پر تشویش کا اظہار کیا اور اس اسکیم کو خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ ریاست کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ تمام خواتین پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ ریاست کے وکاس میں اپنا تعاون پیش کریں۔ حکومت نے ایسا نظام دیا ہے جس کے ذریعے آپ  اپنا خواب پورا کرسکیں گی۔ جب ہم نے اس سکیم کے تحت ایک ہزار روپے دینے شروع کیے تو ہمارے مخالفین نے ہمارا مذاق اڑایا اور ایک سازش کے تحت مخالفین نے جھوٹے وعدے کرنا شروع کر دیے۔
 
مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سے سوال پوچھا گیا کہ پیسہ کہاں سے لائیں گے، ہم نے ان سے پوچھا کہ کہاں سے لائیں گے۔ پھر جب ہم نے الیکشن سے پہلے 2500 روپے دینے کا اعلان کیا تو مخالف کو ہضم نہ ہو سکا لیکن آپ نے ہماری بات پر یقین کیا، اس کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔ مائیں اس رقم کو اپنے بچوں کی تعلیم، گھریلو سلنڈر خریدنے اور تہواروں کے دوران کپڑے خریدنے کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔ کمزور خواتین بھی اپنے اور اپنے بچوں کے لیے غذائیت سے بھرپور خوراک خرید سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو نظر انداز کرنے والا کبھی اقتدار میں نہیں آئے گا۔