• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • سڑک پروجیکٹ میں کرپشن کو بے نقاب کرنے والے صحافی کی لاش سیپٹک ٹینک سے برآمد

سڑک پروجیکٹ میں کرپشن کو بے نقاب کرنے والے صحافی کی لاش سیپٹک ٹینک سے برآمد

Reported By: | Edited By: Sahjad mia | Last Updated: Jan 04, 2025 IST

image
چھتیس گڑھ: سڑک کی تعمیر میں 120 کروڑ روپے کی بدعنوانی کا پردہ فاش کرنے والے چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع کے نوجوان صحافی مکیش چندراکر کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔ وہ یکم جنوری کی شام سات بجے سے لاپتہ تھے۔ اس کی لاش سیپٹک ٹینک سے ملی۔ اس کی لاش کو ٹھیکیدار اور انکے رشتہ دار سریش چندراکر کے احاطہ میں بنائے گئے سیپٹک ٹینک سے نکالا گیا۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس نے اس معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کر کئی مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

مکیش نے کرپشن کو بے نقاب کیا تھا

چند روز قبل صحافی مکیش چندراکر نے 120 کروڑ کی لاگت سے بننے والی سڑک میں کرپشن کی خبر شائع کی تھی۔ جس میں سڑک کی خستہ حالی کو اجاگر کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کام ٹھیکیدار سریش چندراکر نے کیا تھا۔ اس کی وجہ سے مکیش چندراکر اور ٹھیکیدار سریش چندراکر کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔ اس لیے صحافی کے قتل کو سریش چندراکر سے جوڑا جا رہا ہے۔ پولیس نےاس معاملہ میں  بتایا کہ مکیش کے بڑے بھائی نے 2 جنوری کو  گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔رپورٹ میں انہوں نے اس خبر کا بھی ذکر کیا تھا جس میں مکیش نے گنگلور سے نیلاسنار گاؤں تک بنی سڑک کی خستہ حالی اور بدعنوانی کو بے نقاب کیا تھا۔انہوں نے بتایا تھا کہ اس خبر کے بعد پروجیکٹ کی تحقیقات شروع کر دی گئی تھی اور کنٹریکٹر سریش چندراکر سمیت تین لوگ ان کے بھائی کو دھمکیاں دے رہے تھے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ مکیش نے 2021 میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک کمانڈو کو ماؤنوازوں سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا ۔

ٹھیکیدار کے کزن کا فون آنے کے بعد   سے لاپتہ تھے مکیش !

پولیس نے بتایا کہ مکیش یکم جنوری کو ٹھیکیدار کے کزن کی کال موصول ہونے کے بعد لاپتہ تھے۔ رات گئے اس کا فون بھی بند تھا۔ ایسے میں پولیس نے اس کے فون کی آخری لوکیشن سے ہی جانچ شروع کی۔پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو جب ٹھیکیدار کی رہائش گاہ پر بنے سیپٹک ٹینک کو کھولا گیا تو مکیش کی لاش ملی۔ اس ٹینک کو حال ہی میں کنکریٹ سے سیل کیا گیا تھا۔