Saturday, October 31, 2026 | 19 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • رافائل میرین کی آئی این ایس وکرانت پر پہلی کامیاب لینڈنگ، بھارتی بحریہ کی طاقت میں اہم پیش رفت

رافائل میرین کی آئی این ایس وکرانت پر پہلی کامیاب لینڈنگ، بھارتی بحریہ کی طاقت میں اہم پیش رفت

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 30 Oct 2026

رافائل میرین کی آئی این ایس وکرانت پر پہلی کامیاب لینڈنگ، بھارتی بحریہ کی طاقت میں اہم  پیش رفت
 بھارتی بحریہ کی فضائی قوت میں ایک بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اکتوبر29 کو رافائل میرین لڑاکا طیارے نے ہندوستان کے مقامی طور پر تیار کردہ ہوائی جہاز بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر پہلی مرتبہ کامیاب لینڈنگ کی۔ یہ لینڈنگ پہلی ہی کوشش میں مکمل ہوئی، جسے بحریہ کے کیریئر آپریشنز میں اس جدید طیارے کے انضمام کی سمت ایک فیصلہ کن سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ مرحلہ اس وسیع منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت رافائل میرین کو باضابطہ طور پر ہندوستانی بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔
 
بحریہ کے ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں گوا میں رافائل میرین پر مسلسل پروازوں اور آزمائشی مراحل کا سلسلہ جاری تھا تاکہ آئی این ایس وکرانت سے آپریشنز کے لیے ضروری تبدیلیوں اور تقاضوں کا عینی تجربہ کیا جا سکے۔ ان تجربات کا مقصد طیارے کی کیریئر کے ساتھ مطابقت کی توثیق، لینڈنگ اور ٹیک آف کے طریقہ کار کی جانچ، اور ڈیک آپریشنز کے دوران حفاظت و کارکردگی کے معیارات کی تصدیق تھا۔ اسی تناظر میں 10-29 کی یہ کامیاب لینڈنگ اس امر کا واضح اشارہ ہے کہ رافائل میرین اپنی آئندہ تعیناتی کے لیے عملی طور پر تیار ہو رہا ہے۔
 
آئی این ایس وکرانت، جوبھارت میں تیار ہونے والا پہلا مقامی ہوائی جہاز بردار جہاز ہے، جدید سنسرز، اسکیڈڈول لینڈنگ سسٹم اور مختصر دوڑ سے ٹیک آف جیسے تقاضوں کی تکمیل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ رافائل میرین کی ڈیک لینڈنگ ٹیسٹ میں کامیابی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ طیارہ کیریئر کے مخصوص ماحول، رفتار، ہوا کے دباؤ اور ڈیک کی محدود جگہ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بحریہ کے مطابق اگلے مراحل میں ہتھیاروں کی جانچ، رات کے وقت آپریشنز اور مختلف موسمی حالات میں پروازوں کی توثیق شامل ہوں گی، تاکہ آپریشنل کلیئرنس بروقت حاصل کی جا سکے۔
 
انڈیا۔ فرانس کے درمیان رافائل میرین کی فراہمی کے لیے ایک جامع معاہدہ 28اپریل-2025 کو طے پایا، جس کی مالیت تقریباً روپے 63,000 کروڑ بتائی گئی ہے۔ اس پیکیج میں 26 طیاروں کی خرید شامل ہے جن میں 22 سنگل سیٹ فائٹرز اور 4 ٹوئن سیٹ ٹرینرز ہوں گے۔
 
معاہدے کے تحت ہتھیاروں کے نظام، سیمولیٹرز، تربیتی سہولیات، متعلقہ آلات اور لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔ طے شدہ منصوبے کے مطابق ترسیلات 2030 تک مکمل کر لی جائیں گی، جبکہ پرسنل کی تربیت فرانس اور ہندوستان، دونوں مقامات پر مرحلہ وار جاری رہے گی۔ اس معاہدے کی ایک نمایاں خصوصیت تکنیکی منتقلی کی شق ہے جس کے تحت مقامی ہتھیاروں کو طیارے کے نظام میں ضم کرنے کے لیے درکار ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔
 
اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں رافائل کے فیوزلاج کی تیاری کے لیے پیداواری یونٹس کے قیام، اور انجن، سنسرز اور ہتھیاروں کے لیے مرمت و دیکھ بھال کے مراکز کی تنصیب بھی اسی ڈیل کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق اس سے نہ صرف آپریشنل دستیابی بہتر ہوگی بلکہ طویل مدت میں لاگت میں کمی اور مقامی دفاعی صنعت کی خود کفالت میں اضافہ ہوگا۔ رافائل میرین کی اہمیت اس کے کردار اور ڈیزائن سے بھی واضح ہے۔
 
یہ طیارہ، جو فی الحال فرانسیسی بحریہ چلاتی ہے، خاص طور پر کیریئر آپریشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی انڈکشن کے بعد ہندوستانی بحریہ کو سمندر اور خشکی پر اہداف کے خلاف دور مار حملوں اور فضائی دفاع کے لیے مضبوط صلاحیت میسر آئے گی۔ رافائل میرین ملٹی رول پروفائل میں فضائی برتری، انٹرڈکشن، قریبی فضائی معاونت، سمندر پار اہداف کے خلاف ہتھیاروں کے استعمال، اور الیکٹرانک جنگ جیسے آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔