آج کے دور میں موبائل فون ٹیبلٹ اور انٹرنیٹ بچوں کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ آن لائن تعلیم سے لے کر کھیل اور تفریح تک بچے مختلف مقاصد کے لیے ڈیجیٹل آلات استعمال کررہے ہیں۔ ٹیکنالوجی نے جہاں سیکھنے کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں وہیں اس کے غیر ضروری اور طویل استعمال نے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے حوالے سے کئی سوالات بھی پیدا کردیے ہیں۔
بچوں کی ابتدائی عمر دماغی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہے۔ اس دوران وہ اپنے ماحول سے سیکھتے ہیں اور والدین اور دیگر افراد کے ساتھ بات چیت کے ذریعے زبان سماجی تعلقات اور جذبات کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔ ایسے میں اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنا ان کی روزمرہ سرگرمیوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
اسی اہم موضوع پر منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ہیلتھ اور ہم میں ڈاکٹر میگھا جین کنسلٹنٹ سائیکولوجسٹ رینبو چلڈرنز ہاسپٹل حمایت نگر حیدرآباد نے ڈیجیٹل دور میں بچوں کی دماغی نشوونما اور جذباتی صحت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اسکرین ٹائم کے بچوں پر اثرات
ماہرین کے مطابق موبائل اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا ضرورت سے زیادہ استعمال بچوں کی نیند کھیل کود اور والدین کے ساتھ وقت گزارنے کے معمولات کو متاثر کرسکتا ہے۔ بعض بچوں میں مسلسل اسکرین استعمال کرنے سے توجہ مرکوز کرنے میں دشواری چڑچڑاپن اور بے چینی جیسی علامات بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔خاص طور پر چھوٹے بچوں کے لیے حقیقی دنیا میں کھیلنا لوگوں سے بات کرنا اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینا دماغی اور سماجی نشوونما کے لیے اہم ہے۔ صرف ویڈیوز دیکھنے یا موبائل گیمز کھیلنے سے یہ ضروری تجربات حاصل نہیں ہوتے۔
بچوں کی جذباتی صحت پر توجہ ضروری
بچوں کی ذہنی صحت کا تعلق صرف ان کی پڑھائی سے نہیں بلکہ ان کے جذبات اور سماجی رویوں سے بھی ہے۔ اگر بچہ تنہائی پسند ہونے لگے نیند میں تبدیلی آئے غصہ زیادہ کرے یا پہلے پسندیدہ سرگرمیوں میں دلچسپی کھونے لگے تو والدین کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔والدین کو چاہیے کہ بچوں کے ساتھ روزانہ وقت گزاریں ان کی بات سنیں اور ان کے جذبات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ بچوں کو موبائل دینے کے بجائے کہانی سنانے کھیلنے اور تخلیقی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا بھی مفید ہوسکتا ہے۔
والدین کیا احتیاط کریں
بچوں کے لیے عمر کے مطابق اسکرین ٹائم کی حدود مقرر کریں اور کھانے کے وقت اور سونے سے پہلے موبائل کے استعمال سے گریز کی عادت ڈالیں۔ والدین خود بھی بچوں کے سامنے موبائل کا غیر ضروری استعمال کم کریں تاکہ وہ اچھی عادات اپنا سکیں۔منصف ٹی وی کے پروگرام ہیلتھ اور ہم کا مقصد صحت اور بچوں کی بہتر پرورش سے متعلق اہم معلومات عوام تک پہنچانا ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مکمل دوری ممکن نہیں لیکن اس کا متوازن استعمال بچوں کی صحت مند دماغی نشوونما اور بہتر جذباتی زندگی کے لیے ضروری ہے۔






