Monday, October 12, 2026 | 29 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • تلنگانہ میں اے ٹی ایم لوٹ: چوری کےلئےملزمین نےنائٹی اور ایمبولینس کا کیا استعمال

تلنگانہ میں اے ٹی ایم لوٹ: چوری کےلئےملزمین نےنائٹی اور ایمبولینس کا کیا استعمال

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 12 Oct 2026

تلنگانہ میں اے ٹی ایم لوٹ: چوری کےلئےملزمین  نےنائٹی اور ایمبولینس کا کیا استعمال
  تلنگانہ کے ضلع کاما ریڈی میں انوکھی چوری کا معاملہ سامنے آیا۔  نامعلوم چوروں نے زنانہ کپڑے یعنی نائٹیز پہنا اور ماسک لگایا، ایمبولینس  کے ذریعہ چوری کرنے پہنچے۔ ان چوروں نے اتوار کی رات کاماریڈی ضلع میں ایک اے ٹی ایم کو لوٹ لیا۔ حکام نے پیرکو یہ بتایا۔    
 
پولیس کے مطابق چور اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے اے ٹی ایم میں داخل ہوئے اور گیس کٹر سے مشین کو نقصان پہنچانے کے بعد نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ گندھاری گاؤں میں  رات  1 بجے سے 1.30 بجے کے درمیان کی گئی یہ  چوری کی واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ مجرم ایمبولینس میں آ ئے ، وہ  ماسک، ٹوپیاں اور دستانے پہنے ہوئے تھے، اے ٹی ایم کو گیس کٹر سے  توڑا ،اور نقدی لے کر فرار ہوتے  دکھائی دیئے۔نائٹی پہنے ہوئے یہ تمام  ملزمین مرد معلوم ہوتے ہیں۔ تاہم، پولیس نے خواتین کے ملوث ہونے کو مسترد نہیں کیا ہے کیونکہ کریم نگر ضلع میں ایک اے ٹی ایم میں حالیہ چوری میں ایک خاتون ملوث تھی۔ 
 
چوری کا انکشاف پیر کی صبح اس وقت ہوا جب مقامی لوگوں نے خراب مشین کو دیکھا اور پولیس کو آگاہ کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقدمہ درج کر لیا اور سراغ رساں ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کر لیے۔ تفتیش کار ملزمین کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں اور ڈکیتی سے پہلے اور بعد میں ان کی نقل و حرکت کو دوبارہ ترتیب دے رہے ہیں۔ چوری  کی گئی نقدی کتنی ہے ،اے ٹی ایم  کے کیش بیلنس کی تصدیق کے بعد معلوم ہوگی۔پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ جرم میں استعمال ہونے والی ایمبولینس اصلی تھی یا یہ صرف ان کی نقل و حرکت کو چھپانے کے لیے تھی۔ 
 
گزشتہ ماہ تلنگانہ کے کریم نگر قصبہ میں چوروں نے دو اے ٹی ایم کو نقصان پہنچایا اور نقدی لوٹ لی۔ مجرموں نے دو مختلف علاقوں میں ایس بی آئی کے دو اے ٹی ایم کو نشانہ بنایا، مشینوں کو کھولنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کیا اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ 
 
19 ستمبر کو کریم نگر دیہی پولیس اسٹیشن حدود کے تحت درشید اور ایل ایم ڈی پولیس اسٹیشن حدود کے تحت تھما پور میں 19 ستمبر کو کی گئی چوریاں سی سی ٹی وی میں قید ہوگئیں۔ دورشید میں، چوروں نے اے ٹی ایم سے نقدی چرانے سے پہلے مبینہ طور پر سی سی ٹی وی کیمروں پر مائع چھڑک دیا۔ 
 
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ایک خاتون کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی۔ خاتون سمیت دو ڈاکو کار میں دورشید اے ٹی ایم پہنچ گئے۔ ملزمین نے ٹوپی، عینک، دستانے اور ماسک پہن رکھے تھے۔ اے ٹی ایم کو نقصان پہنچانے کے بعد مشین میں رکھے 8 لاکھ روپے لے گئے۔ 
 
 Thieves in Nighties Use Ambulance to Loot ATM in Telangana