Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Politics

آرایس ایس،وی ایچ پی اور بجرنگ دل ملک میں امن وامان کے لیے خطرہ ہیں،ان پر پابندی لگائی جاۓ، مولانا توقیر رضا خان

اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان نے شر پسندی سوچ و فکر رکھنے والے کٹر ہند توا تنظیموں بشمول آرایس ایس، وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ان بھگوا تنظیموں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ملک میں امن کا دشمن قرار دیا ہے۔
مولانا توقیر رضا نے کہا کہ آر ایس ایس، وی ایچ پی، بجرنگ دل پر پابندی لگنی چاہیے۔ اگر حکومت واقعی ایمانداری سے کام کرنا چاہتی ہے تو ان دہشت گرد تنظیموں کو بند کر دے۔ ہم ہندوستان کے لیے جیتے ہیں، ہندوستان کے لیے مر سکتے ہیں، لیکن ہم اپنی غیرت چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔ وقف ترمیمی بل کے حوالے سے بلائی گئی میٹنگ کے بعد توقیر رضا نے کہا کہ آر ایس ایس ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔ میں کھل کر کہہ رہا ہوں۔ اگر ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہے تو ان تنظیموں پر پابندی لگائی جائے۔
یہ تینوں تنظیمیں ہندوستان میں امن وامان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہیں ۔
در اصل آل انڈیا محمدی مشن کے صدر بابر اشرف نے ملک میں وقف املاک کے تحفظ کے لیے ”وقف وارث بچاؤ تحریک کے نام سے ایک مہم شروع کرنے کے لئے یہ اجلاس منعقد کیا تھا۔ اجلاس میں کئی شیعہ اور سنی مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی ۔ رضا خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وقف ترمیم کے خلاف بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں۔