Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

ہماچل پردیش میں بادل پھٹنے سے کئی لوگ ہلاک متعدد لاپتہ،حفاظتی اقدامات جاری

 ہماچل پردیش کے شملہ منڈی اور کلو میں بادل پھٹنے سے تباہی مچ گئی ہے۔جہاں اب تک کئی افراد لاپتہ ہیں جبکہ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی بھی خبرآئی ہے۔
 بتا دیں کہ شملہ میں ہائیڈرو پروجیکٹ کے قریب آج صبح کی اولین ساعتوں میں بادل پھٹنے سے کہرام مچ گیا ہے جہاں 50 سے زائد افراد لا پتہ ہیں جبکہ کئی افراد کے ہلاک ہونے کی بھی افسوسناک خبر ہے۔ 
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ بادل پھٹنے کی اطلاع ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر انوپم کشیپ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجیو گاندھی موقع پر روانہ ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر انوپم کشیپ نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس آر ایف۔ پولیس فورس اور ریسکیو ٹیم کو موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقے سے 19 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
 اس واقعہ کے بعد علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ موسلا دھار بارش کے امکان کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے الرٹ رہنے کو کہاہے جبکہ کئی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیاہے۔غنویٰ میں بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب کی تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ بادل پھٹنے سے 5 مکانات، 2 فٹ پل، اسکول کی عمارت، اسپتال، پاور پراجکٹ ریسٹ ہاؤس، ایک جے سی بی مشین اور تین چھوٹی گاڑیاں بہہ گئیں ہیں۔