دہلی کے وسنت کنج سے دلوں کو جھنجھور دینے والی ایک خبر سامنے آئی ہے جہاں ایک گھر سے باپ اور چار بیٹیوں کی لاشیں بر آمد ہوئی ہے۔ متوفی خاندان کا تعلق بہار کے چھپرا سے ہے۔
اس واقعہ کے تعلق سے ڈی سی پی ساؤتھ ویسٹ روہت مینا نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا ہے ۔
روہت مینا نے یہ جانکاری دی کہ صبح تقریباً 10 بجے ایک فون آیا کہ ایک گھر اندر سے بند ہے اور اس میں رہنے والے لوگ دروازہ نہیں کھول رہے ہیں۔
گھر میں کام کرنے والے شخص نے بتایا کہ جب وہ گھر کی تیسری منزل پر صفائی کے لیے گئے تو کوئی دروازہ نہیں کھول رہا تھا اور وہاں سے ایک عجیب سی بو آ رہی تھی۔
ہم موقع پر پہنچے اور فائر سروس ٹیم کی مدد سے ہم نے گھر کا دروازہ کھولا۔ گھر میں دو کمرے تھے۔ ایک کمرے میں ایک شخص کی لاش پڑی تھی اور دوسرے کمرے میں چار لڑکیوں کی لاشیں پڑی تھیں۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ہیرالال شرما کے طور پر ہوئی ہے۔
وہ چھپرا، بہار کا رہنے والا تھا اور پچھلے 28 سالوں سے بڑھئی کا کام کررہا تھا۔ اور وہ یہاں اپنی چار بیٹیوں کے ساتھ رہتا تھا۔ جن میں سے دو بیٹیاں معذور تھیں۔
مزید روہت مینا نے کہا کہ ہم نے مردہ پائے جانے والوں کے رشتہ داروں کو اطلاع دی ۔ جسکے بعد متوفی کا بھائی جوگندر اور بہنوئی گڑیا موقع پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ بچیوں کی والدہ کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔ اس کے بعد سے خاندان کافی الگ تھلگ رہنے لگا۔
ہم نے ایف ایس ایل روہنی سے فرانزک ٹیم اور صفدر گنج ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کو موقع پر بلایا۔ اور مکمل تفتیش کی۔
موقع سے سلفا کی بوتل اور دیگر چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔ ہم ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کارروائی کر رہے ہیں۔