Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

برج بہاری پرساد قتل کیس معاملہ میں سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ،سابق ایم ایل اے منا شکلا سمیت دو ملزمان کو عمر قید، 6 بری

سپریم کورٹ نے بہار کے سابق سائنس اور ٹیکنالوجی وزیر برج بہاری پرساد کے قتل کیس معاملہ میں 3 اکتوبر جمعرات کو اپنا فیصلہ سنایا ہے۔
 اس معاملے میں عدالت نے سابق ایم ایل اے منا شکلا اور منٹو تیواری کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، جب کہ  سابق ایم پی سورج بھان سنگھ سمیت چھ ملزمان کو بری کر دیا گیا ہے۔
 اس معاملے میں جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس سنجے کمار اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔
سپریم کورٹ نے قتل کیس معاملے میں قرار دیے گۓ دونوں ملزمان کو 15 دن کے اندر خودسپردگی کرنے کو کہا ہے۔
اس سے قبل پٹنہ ہائی کورٹ نے تمام آٹھ ملزمان کو بری کر دیا تھا۔
جسکے بعد اس معاملے میں بی جے پی لیڈر راما دیوی کے علاوہ سی بی آئی نے پٹنہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔
اس معاملے میں سپریم کورٹ کے تین ججوں کی بنچ نے 21 اور 22 اگست کو سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ 2009 میں نچلی عدالت نے اس قتل کیس میں آٹھ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد 2014 میں ہائی کورٹ نے انہیں بری کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ 1988 میں بہار کے سابق وزیر بہاری پرساد کو علاج کے لیے پٹنہ کے آئی جی آئی ایم ایس میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انکا قتل کر دیا گیا۔