Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

قریب 3 گھنٹے تک فضاء میں چکر لگاتا رہا طیارہ، مسافروں کی جانیں ہوا میں اٹکی رہیں، پائلٹ نے بچائی 140 مسافروں کی جان

ریاست تمل ناڈو  سے شارجہ جانے والے ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے میں گزشتہ کل 11 اکتوبر جمعہ کو تکنیکی خرابی کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
 طیارے میں 140 مسافر سوار تھے۔ طیارہ کافی دیر تک ہوا میں چکر لگاتا رہا ،فلائٹ نے 5:40 بجے تمل ناڈو کے تروچیراپلی سے اڑان بھری پھرتقریباً 8:15 بجے اسی ہوائی اڈے پر اتری۔
ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز نمبر IX 613 نے تریچی ہوائی اڈے سے جیسے ہی ٹیک آف کیا، پائلٹ کو  لینڈنگ گیئر کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کا پتہ چلا۔
 اس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی گئی۔ پائلٹ نے ایندھن کم کرنے کے لیے دو گھنٹے سے زائد وقت تک فضا ءمیں چکر لگایا، اس دوران مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔طیارے میں سوار مسافروں کی جانیں ہوا میں اٹکی رہیں۔ 
جس وقت جہاز ہوا میں تھا، اس کے پہیے اندر نہیں گئے، جس کی وجہ سے طیارے کو چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس لیے ایندھن ختم ہونے کے بعد طیارے کو لینڈ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔
تا ہم تقریباً تین گھنٹے تک ہوا میں چکر لگانے کے بعد پائلٹ نے طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کی۔اور 140 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔