مہاراشٹر کے ستارہ ضلع کے پھلٹن میں ایک سرکاری ہسپتال میں تعینات خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کر لی ہے۔ خودکشی سے پہلے ڈاکٹر نے اپنے ہاتھ پر سوسائیڈ نوٹ لکھا ۔ خاتون ڈاکٹر کا نام سمپدا منڈے ہے، جو پھلٹن سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں تعینات تھیں۔ انہوں نے ایک ہوٹل کے کمرے میں پھانسی لگا کر اپنی جان لے لی۔
سوسائیڈ نوٹ میں کیا ہے؟
مرہٹی میڈیا کے مطابق، ڈاکٹر نے اپنے ہاتھ پر قلم سے سوسائیڈ نوٹ لکھا، جس میں انہوں نے پولیس انسپکٹر گوپال بدنے پر چار بار ریپ کا الزام لگایا۔ خاتون ڈاکٹر نے یہ بھی لکھا کہ پولیس افسر پرشانت بنکر کئی مہینوں سے ان کا ذہنی استحصال کر رہا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور ڈاکٹر کے ہاتھ پر لکھے سوسائیڈ نوٹ کی فرانزک جانچ شروع کر دی ہے۔
ڈاکٹر اور پولیس کے درمیان تنازع :
بتایا جا رہا ہے کہ خاتون ڈاکٹر اور ضلعی پولیس کے درمیان میڈیکل جانچ کے حوالے سے تنازع چل رہا تھا۔ اس دوران ان کی دو پولیس افسران سے ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں فریقین کے درمیان کئی مواقع پر بحث بھی ہوئی تھی، جس کے بعد محکمہ صحت نے ڈاکٹر کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔ سوسائیڈ نوٹ میں نامزد پولیس افسران یا پولیس محکمے کی جانب سے اب تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
پولیس تحقیقات کر رہی ہے:
اس افسوسناک واقعہ نے پھلٹن اور ستارہ پولیس کے محکموں میں ہلچل مچا دی ہے۔ خاتون ڈاکٹر کی موت سے ڈاکٹروں اور لوگوں میں غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ خواتین کی تنظیموں نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے تحقیقات اعلیٰ سطحی ٹیم کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ جلد حقیقت سامنے آسکے۔