Friday, October 24, 2025 | 02, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر : راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری،شام 5 بجے نتائج کا ہوگا اعلان

جموں و کشمیر : راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری،شام 5 بجے نتائج کا ہوگا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 24, 2025 IST

جموں و کشمیر : راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری،شام 5 بجے نتائج کا ہوگا اعلان
10سال کے انتظار کے بعد جموں و کشمیر میں راجیہ سبھا انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے جمعہ کی صبح ووٹنگ شروع ہوئی۔ چار نشستوں کے لیے سات امیدوار میدان میں ہیں۔ چار نیشنل کانفرنس اور تین بی جے پی سے ہیں۔پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی چار نشستیں فروری 2021 سے اسمبلی تحلیل ہونے کی وجہ سے خالی تھیں۔ 
 
راجیہ سبھا کے انتخابات میں جموں و کشمیر اسمبلی کے 90 ایم ایل ایز ووٹ دیں گے۔ فی الحال 88 ایم ایل ایز ووٹ ڈالیں گے۔ حکمراں جے کے این سی-کانگریس اتحاد کے پاس 48، بی جے پی کے پاس 28، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے پاس تین، پیپلز کانفرنس-عام آدمی پارٹی-کمیونسٹ پارٹی کے پاس ایک ایک، اور سات آزاد ایم ایل اے ہیں۔ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو جے کے این سی کی حمایت کا اعلان کیا۔ تاہم بی جے پی کو ایک سیٹ جیتنا یقینی ہے۔
 
بی جے پی نے تین سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں:
 
غیر یقینی جیت کے باوجود بی جے پی نے تین سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں۔جموں و کشمیر بی جے پی کے سابق صدر اور وزیر ستپال شرما، ریاستی نائب صدر راکیش مہاجن، اور بڈگام ضلع سے پارٹی کے سینئر لیڈر علی محمد میر میدان میں ہیں۔ بی جے پی شرما کی جیت کو یقینی سمجھتی ہے۔ جے کے این سی اور اس کی اتحادی کانگریس نے چودھری محمد رمضان، شمی اوبرائے، سجاد احمد کچلو اور عمران نبی ڈار کو میدان میں اتارا ہے۔ چوتھی نشست کے لیے سخت مقابلہ ہے۔
 
وزیراعلیٰ عبداللہ نے اپنا ووٹ ڈالا:
 
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اسمبلی احاطے میں اپنا ووٹ ڈالا۔ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے ووٹنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی اور شام 5 بجے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ آج یہ انتخاب 10 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہو رہا ہے، جو 2019 کے بعد راجیہ سبھا کا پہلا انتخاب ہے۔
 
اسمبلی میں ووٹنگ کے انتظامات:
 
ریٹرننگ آفیسر کے دفتر نے جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے منتخب اراکین کے ذریعہ ریاستوں کی کونسل (راجیہ سبھا) کے دو سالہ انتخابات کے ہموار انعقاد کے لئے تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں۔حکم نامے کے مطابق اسمبلی لابی میں پولنگ کے مقام میں صرف منتخب اراکین کو اسمبلی سیکرٹری کی جانب سے جاری کردہ شناخت کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی۔ ارکان کو ووٹ ڈالنے کے فوراً بعد احاطے سے نکلنا ہوگا۔ ووٹروں اور امیدواروں کے سکیورٹی اہلکاروں سمیت غیر مجاز افراد کو پولنگ ایریا کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 
 کیسے ہوتی ہے پولنگ:
 
انتخاب میں تین الگ الگ بیلٹ شامل ہوتے ہیں، اور ہر رکن کو اپنے منتخب امیدوار کے مقابلے میں '1' یا رومن 'I' کے اعداد و شمار کو رکھ کر اپنی ترجیح کا نشان لگانا ہے۔ بیلٹ پر کسی دوسرے قلم یا اضافی نشانات کا استعمال اسے غلط قرار دے گا۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے لائیو ویب کاسٹنگ کے ذریعے اس عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی، جس میں ہر ووٹر کی ویڈیو پر واضح طور پر شناخت کی جاسکتی ہے۔