آندھرا پردیش کے کرنول میں جمعہ کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد ایک سلیپر وولوو بس میں آگ لگ گئی، جس کی زد میں آکر کم از کم 20 مسافروں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ حیدرآباد-بنگلور ہائی وے پر چننا ٹیکورو گاؤں کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے وقت بس حیدرآباد سے بنگلور جا رہی تھی۔ بس میں 41 مسافر سوار تھے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کئی مسافروں کو بس سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
بس میں آگ کیسے لگی؟
کاویری ٹریولز کی بس مسافروں کو لے کر بنگلور جا رہی تھی کہ اچانک چننا ٹیکورو گاؤں کے قریب ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ بارش کی وجہ سے سڑک پر کافی پھسلن تھی، جس کی وجہ سے موٹر سائیکل بس کے نیچے پھنس گئی اور ایندھن کے ٹینک سے ٹکرائی، جس سے بس میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر بس میں سو رہے تھے، جس کی وجہ سے انہیں کچھ پتہ نہیں چلا۔ تقریباً 12 مسافروں نے کھڑکیوں اور ایمرجنسی دروازوں سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔
واقعہ کی تحقیقات جاری:
ضلع کلکٹر کے مطابق بس میں دو ڈرائیوروں سمیت 41 افراد سوار تھے۔ فی الحال، 21 افراد کا پتہ لگایا گیا ہے، اور باقی 20 میں سے 11 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ دونوں ڈرائیور فرار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ لگنے کے بعد بس کے دروازے بند ہو گئے۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بس مکمل طور پر جل گئی۔ زخمیوں کو کرنول کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
صدر جمہوریہ اور وزیر اعلیٰ نے افسوس کا اظہار کیا:
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس واقعے پر ایکس پر افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ کرنول میں بس میں آگ لگنے کے دلخراش واقعے میں جان و مال کا نقصان انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے ایکس پر لکھا کہ انہیں اس حادثے کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ وہ زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا غم کا اظہار:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کرنول ضلع میں پیش آئے حادثہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعظم مودی نے اس حادثہ میں مرنے والے افراد کے خاندانوں کو دو لاکھ روپے اور زخمیوںکو پچاس ہزار روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ۔
کچھ دن پہلے راجستھان میں بھی ہوا تھا حادثہ:
راجستھان کے جیسلمیر میں بھی 14 اکتوبر کو اسی طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں دوپہر کے وقت ایک سلیپر بس میں آگ لگنے سے 20 مسافر زندہ جل کر ہلاک ہو گئے تھے۔ حادثے کے وقت بس میں 57 مسافر سوار تھے۔ یہ حادثہ دوپہر تقریباً 3 بجے تھئیات گاؤں میں وار میوزیم کے قریب پیش آیا تھا۔ بس جیسلمیر سے جودھپور جا رہی تھی۔ بس میں آگ ایئر کنڈیشنر کمپریسر پھٹنے اور شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔