کرنول میں پیش آئے بس حادثہ نے جہاں کئی خاندانوں کو اجاڑدیا ہے وہیں دوسری جانب خانگی ٹراویلس کو بھی بڑا نقصان پہنچاہے۔ اس حادثہ کا مسافروں کو اس قدر خوف بیٹھ گیاہے کہ وہ اب نجی ٹراویلس کی بس کے ذریعہ سفر کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے خانگی ٹراویلس نے اپنے کرایوں میں نمایاں کمی کی ہے تاہم اس کے باوجود وہ عوام کا اعتماد جیتنے میں فی الحال ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ تبدیلی ہفتے کے روز صاف دکھائی دے رہی تھی۔ کاویری ٹراویلس نے حیدرآباد سے کالی کٹ کیلئے 1800 روپے چارج کیے تھے۔ اب اس نے اس میں کمی کرتے ہوئے 1100 روپے کردیئے ہیں۔
اس کے علاوہ دیگر خانگی ٹراویلس نے بھی اپنے کرایوں میں کمی کردی ہے۔ حیدرآباد سے ویلور ٹکٹ کی قیمت عام طورپر دوہزار روپے ہوتی ہے تاہم اس حادثہ کے بعد اس میں کمی کرتے ہوئے 1500 روپے کردیئے گئے۔ تاہم اس کے باوجود لوگ خانگی بسوں میں سفر کرنے سے خوف کھارہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جن لوگوں نے پہلے ہی بکنگ کر رکھی تھی ان میں سے بہت سے مسافر اپنے ٹکٹ منسوخ کر چکے ہیں جبکہ نئی بکنگ تقریباً رک چکی ہے۔ اس صورتحال کے نتیجہ میں ہفتہ کے روز کئی پرائیویٹ ٹرویلس بکنگ کاؤنٹر خالی رہے۔ بہت سی بسوں کو آدھی سیٹوں کے ساتھ سفر کرنا پڑا۔ اس دوران کرنول واقعہ سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
بسوں میں سوار ہونے سے پہلے مسافر ڈرائیوروں اور ان کے تجربے سے متعلق پوچھ تاچھ کر رہے ہیں۔ بس میں سوار ہونے کے بعد بھی لوگوں کو ڈرائیوروں سے گاڑی احتیاط سے چلانے کیلئے التجا کرنے کے مناظر دیکھے گئے۔دوسری جانب پرائیویٹ ٹراویل آپریٹرز بھی الرٹ ہو گئے ہیں۔ بہت سی سروسز کو اس خدشے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے کہ حکام ان بسوں کو ضبط کر لیں گے جو سڑک کیلئے موزوں نہیں ہیں۔ مسافروں کے سامان اور پارسل کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔
واضح کیا جارہا ہے کہ قواعد کے خلاف کسی بھی چیز کی اجازت نہیں ہوگی۔پرائیویٹ بسوں کی حفاظت کے بارے میں شکوک و شبہات کی وجہ سے مسافر آر ٹی سی بسوں کی طرف جھک رہے ہیں۔ خاص طور پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش آر ٹی سی خدمات کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ بنگلور اور وجئے واڑہ روٹس پر آر ٹی سی بسوں کی ٹکٹ بکنگ میں ہفتہ کے روز نمایاں اضافہ ہوا۔ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے تلنگانہ آر ٹی سی اپنی سلیپر بسوں کو فروغ دے رہا ہے۔ اس سلسلہ میں آر ٹی سی نے سوشیل میڈیا پر ایک اشتہار دیاہے جس میں کہاگیا ہے کہ ایک محفوظ اور آرام دہ سفر کیلئے آر ٹی سی کا انتخاب کریں۔