Sunday, October 26, 2025 | 04, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • بی آر ایس حکومت میں نہ صرف آئی ٹی سیکٹر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی ہوئی:کے ٹی آر

بی آر ایس حکومت میں نہ صرف آئی ٹی سیکٹر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی ہوئی:کے ٹی آر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 26, 2025 IST

بی آر ایس حکومت میں نہ صرف آئی ٹی سیکٹر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی ہوئی:کے ٹی آر
بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی آر نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر میں تلنگانہ کی ترقی بی آر ایس حکومت کی دین ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ 2014 میں جس وقت بی آر ایس کی حکومت بنی تلنگانہ میں آئی ٹی سیکٹر کی تعداد دو ہزار کروڑ تھی تاہم یہ 2023 میں بڑھ کر دولاکھ 41 ہزار تک پہنچ گئی۔ کے ٹی آر نے مزید کہاکہ اسی طرح  جس وقت ان کی حکومت قائم ہوئی 2014 میں آئی ٹی سیکٹر میں صرف تین لاکھ 23 ہزار افراد حیدرآباد کے آئی ٹی سیکٹر میں ملازم تھے تاہم یہ تعداد 2023 میں نو لاکھ سے زائد ہوگئی۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر نے مزید کہاکہ بی آر ایس کے دورحکومت میں نہ صرف آئی ٹی سیکٹر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی ہوئی۔ لیکن کانگریس کے دورحکومت میں یہ ترقی پوری طرح ٹھپ ہوکر رہ گئی۔ بتا دیں کہ  بی آر ایس مسلسل کانگریس حکومت کو  ایک ناکام  حکمراں قرار دے رہی ہے۔اور یہ الزام عائد کر رہی ہے کہ انکے دور اقتدار میں عوام  کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔
 
نوجوانوں کو جمہوریت کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا:
 
حیدرآباد کے جوبلی ہلز حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے سری شاردا مہیلا ڈگری کالج میں ووٹر بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔یہ پروگرام نوجوانوں میں جمہوریت کے بارے میں بیداری بڑھانے اور انہیں ذمہ دار ووٹر بننے کی ترغیب دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر طلباء کو نئے ووٹر رجسٹریشن، ووٹر آئی ڈی کی درستگی اور ووٹر ہیلپ لائن ایپ کے استعمال سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انتخابی عہدیداروں نے تخلیقی انداز میں ۔وائی کنتھا پالی۔ گیم کے ذریعے نوجوانوں کو جمہوریت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ عہدیداروں نے بتایاکہ ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کے استعمال سے شفاف ووٹنگ کے طریقہ کار پر اعتماد بڑھاہے۔ انہوں نے طلبا کو یہ بھی بتایاکہ سی ۔ویجل ایپ کےذریعہ انتخابی قواعد کی خلاف ورزیوں کی اطلاع کیسے دی جائے۔ 
 
 جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں کانگریس سرگرم:
 
 
کانگریس لیڈر اور ریاستی وزیر سیتاکا نے آج حیدرآباد کے جوبلی ہلز حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی امیدوار نوین یادو کے حق میں مہم چلائی۔ اس دوران ریاستی وزیر نے مادھو نگر کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع  پر سیتاکا نے کہاکہ تلنگانہ میں عوام کی امنگوں کو  پورا کرنا ہی کانگریس حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی جیت سے حکومت کو مزید طاقت ملے گی اور حکومت مزید بہتر انداز میں کام کرپائے گی۔ 
 
 تلنگانہ میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام :اے پی  بی جے پی  صدر 
 
 
آندھراپردیش بی جے پی کے صدر پی وی این مادھو نے حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی  انتخاب میں بی جے پی کی جیت کا یقین ظاہر کیا۔ مادھو نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت اور ریونت ریڈی پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں آج ہر طرف بھیڑ اور  کوڑا کرکٹ جیسے مسائل دیکھے جارہے ہیں جس سے عوام میں عدم اطمینان پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ نریندر مودی کی ترقیاتی سرگرمیوں اور ایم پی کشن ریڈی کی کوششوں کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کرنول بس حادثہ پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کریں گی۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو متاثرکن معاوضے پر غور کر رہی ہیں۔