Monday, May 25, 2026 | 07 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • آسام حکومت نے اسمبلی میں پیش کیایو سی سی بل ،اپوزیشن کا شدید احتجاج

آسام حکومت نے اسمبلی میں پیش کیایو سی سی بل ،اپوزیشن کا شدید احتجاج

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 25, 2026 IST

آسام حکومت نے اسمبلی میں پیش کیایو سی سی بل ،اپوزیشن کا شدید احتجاج
آسام حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 'یکساں سول کوڈ بل 2026' ریاستی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔ اتراکھنڈ اور گجرات کے بعد آسام ملک کی ایسی تیسری ریاست بننے جا رہی ہے جہاں یہ قانون نافذ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر اتول بورا نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کی جانب سے اس بل کو ایوان کے سامنے رکھا۔ آسام یو سی سی بل 2026 پر منگل کے روز اسمبلی میں تفصیلی بحث ہونے کا امکان ہے۔
 
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے اسمبلی انتخابات سے قبل ہی یہ اعلان کیا تھا کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو ریاست میں یو سی سی قانون نافذ کریں گے۔
 
یو سی سی بل میں کیا ہے؟
 
اس قانون کا بنیادی مقصد شادی، طلاق، وراثت اور خاندانی معاملات کو ایک مشترکہ اور یکساں قانونی دائرے میں لانا ہے۔ بل  میں ایک سے زائد شادیوں پر پابندی،مردوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 21 سال اور خواتین کے لیے 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
 
جائیداد میں یکساں حقوق، شادیوں کی لازمی رجسٹریشن اور 'لِو ان ریلیشن شپ 'جیسے معاملات کو بھی اس قانون کے تحت ریگولیٹ کیا جائے گا۔ یہ قانون بننے کے بعد تمام مذاہب کے شہریوں پر یکساں طور پر نافذ ہوگا۔
 
اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج اور مخالفت:
 
جیسے ہی حکومت کی جانب سے اسمبلی میں یکساں سول کوڈ بل پیش کیا گیا، اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے اس کی سخت مخالفت کی اور ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ اپوزیشن ارکانِ اسمبلی کا مؤقف تھا کہ اتنے حساس بل کو پیش کرنے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز، مذہبی رہنماؤں اور مختلف برادریوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی جانی چاہیے تھی۔ اپوزیشن کے مطابق، اس قانون کا براہِ راست اثر ریاست میں صدیوں سے چلی آرہی مختلف ثقافتوں، روایات اور سماجی تانے بانے پر پڑ سکتا ہے۔
 
بل پر بحث کب ہوگی؟
 
آسام اسمبلی کا یہ خصوصی اجلاس 21 مئی سے شروع ہوا ہے جو 26 مئی تک جاری رہے گا۔ شیڈول کے مطابق، منگل کو اسمبلی سیشن کے آخری دن اس اہم بل پر تفصیلی بحث اور رائے شماری ہونے کا امکان ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ وہ اکثریتی ووٹوں سے اس بل کو پاس کرانے میں کامیاب ہو جائے گی، جبکہ اپوزیشن اس کے خلاف متحرک نظر آتی ہے۔