Monday, May 25, 2026 | 07 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ٹویشا شرما کیس میں دونوں فریقین کو سپریم کورٹ کی کیا ہے اہم ہدایت اور کیا ہے متاثرہ کی ساس پر الزام؟

ٹویشا شرما کیس میں دونوں فریقین کو سپریم کورٹ کی کیا ہے اہم ہدایت اور کیا ہے متاثرہ کی ساس پر الزام؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 25, 2026 IST

ٹویشا شرما کیس میں دونوں فریقین کو سپریم کورٹ کی کیا ہے اہم ہدایت اور کیا ہے متاثرہ کی ساس پر الزام؟
اداکارہ اور ماڈل ٹویشا شرما کی مشتبہ موت کے ہائی پروفائل کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا (CJI) سوریا کانت کی سربراہی میں جسٹس جویمالیا باگچی اور جسٹس وپول پنچولی پر مشتمل بنچ اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا کہ جو بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، اس میں اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ تحقیقات مکمل طور پر منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں۔ اس کے ساتھ ہی، عدالت نے میڈیا ہاؤسز سے بھی اس کیس کی رپورٹنگ کے دوران انتہائی تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی سخت اپیل کی ہے۔
 
دونوں فریقین میڈیا میں بیانات دینے سے گریز کریں:عدالت
 
چیف جسٹس سوریا کانت نے دونوں فریقین ،یعنی ٹویشا شرما کے اہل خانہ اور ملزم کے سسرال والوں سے درخواست کی کہ وہ میڈیا کے سامنے بار بار بیانات دینے سے بچیں۔ عدالت نے کہا،آپ کو جو بھی کہنا ہے، تفتیشی افسران کے پاس جا کر اپنا بیان درج کروائیں۔ ہم میڈیا سے بھی یہ گزارش کرتے ہیں کہ وہ ممکنہ گواہوں کے بیانات خود ریکارڈ کر کے انہیں آڈیو کلپس کی شکل میں نشر نہ کریں۔ ہم مانتے ہیں کہ میڈیا کی وجہ سے اس کیس میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ہمیں کسی بھی قسم کی من گھڑت کہانیاں بنانے سے ہر حال میں بچنا ہوگا۔
 
عدلیہ پر تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات افسوسناک: سپریم کورٹ
 
سماعت کے دوران بنچ نے اس بات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا کہ اس کیس میں عدلیہ کی نیت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ چونکہ ملزم کی والدہ ایک سابقہ ضلع جج رہ چکی ہیں، اس لیے یہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ عدلیہ منصفانہ تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ بنچ نے سخت الفاظ میں کہا،متاثرہ کی ساس  ایک سابقہ ضلع جج ہیں اور یہ کہنا انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ عدلیہ اس مقدمے کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم اس من گھڑت بیانیے کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔
 
کیاساس تفتیش میں تعاون نہیں کر رہیں؟
 
مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے عدالت میں پیش ہونے والے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے سسرال والوں کے رویے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا:متاثرہ کی ساس مسلسل مختلف ٹی وی چینلز پر انٹرویو دے کر متوفی (مردہ بچی) کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بار بار کی درخواستوں کے باوجود وہ تفتیشی ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہیں۔ ہم نے کئی بار ان سے بیان درج کرانے کو کہا، یہاں تک کہ ہماری ٹیم ان کے گھر جانے کے لیے بھی تیار تھی، لیکن وہ جان بوجھ کر تفتیش سے بچ رہی ہیں۔
 
کیا ہے پورا معاملہ؟
 
واضح رہے کہ نوئیڈا کی رہنے والی مشہور اداکارہ و ماڈل ٹویشا شرما کی شادی دسمبر 2025 میں بھوپال کے وکیل سمرتھ سنگھ سے ہوئی تھی۔ شادی کے محض چند ماہ بعد، 12 مئی کو ٹویشا اپنے سسرال میں مشتبہ حالت میں مردہ پائی گئی ۔ ٹویشا کے والدین نے سسرال والوں پر شدید ہراساں کرنے اور جہیز کے لیے ہلاک کرنے کا الزام لگایا ہے، جبکہ سسرال والوں کا دعویٰ ہے کہ ٹویشا نے خودکشی کی ہے۔ بڑھتے ہوئے تنازع کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ٹویشا کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے، اور کیس کی حساسیت کے پیشِ نظر اب اس کی مکمل تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔