Thursday, February 05, 2026 | 17, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • غازی آباد خودکشی کیس: تینوں بہنیں خود کو کورین سمجھتی تھیں، باپ پر کروڑوں کا قرض

غازی آباد خودکشی کیس: تینوں بہنیں خود کو کورین سمجھتی تھیں، باپ پر کروڑوں کا قرض

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Feb 05, 2026 IST

غازی آباد خودکشی کیس: تینوں بہنیں خود کو کورین سمجھتی تھیں، باپ پر کروڑوں کا قرض
غازی آباد کی بھارت سٹی سوسائٹی میں تین بہنوں کی خودکشی کا معاملہ الجھتا جا رہا ہے۔ جیسے جیسے تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں، ویسے ویسے نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔ اب پتہ چلا ہے کہ تینوں بہنیں کورین ڈرامہ اور گیمز سے اتنی متاثر تھیں کہ خود کو کورین سمجھتی تھیں۔ تینوں لڑکیوں نے کچھ سال پہلے  اسکول جانا بند کر دیا تھا اور دن بھر موبائل میں کورین ڈرامہ دیکھتی رہتی تھیں۔
 
تینوں بہنوں نے خود کے کورین نام رکھے:
 
این ڈی ٹی وی کے مطابق، تینوں بہنیں نشیکا (16)، پراچی (14) اور پاکھی (12)نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنایا تھا جس پر کافی فالوورز تھے۔ تینوں نے یہاں اپنے ہندی نام بدل کر کورین نام رکھ لیے تھے: ماریا، ایلیزا اور سنڈی۔
  
کچھ ہی دن پہلے لڑکیوں کے والد چیتن کو اس سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے بارے میں پتہ چلا تھا۔ اس کے بعد باپ نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا اور لڑکیوں سے موبائل بھی چھین لیا ۔
 
گھر میں کورین زبان میں کرتی تھیں بات چیت:
 
لڑکیوں کے کمرے سے ملی ڈائری اور فیملی کے بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ تینوں لڑکیاں خود کو کورین سمجھتی تھیں۔ انہیں کورین لڑکے اور سنیما پسند تھا۔ انہوں نے اپنا انداز بھی کورین لوگوں کی طرح کر لیا تھا۔ تینوں یوٹیوب چینل پر کورین مواد اپ لوڈ کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے کورین زبان بھی سیکھ لی تھی اور گھر میں اسی زبان میں بات چیت کرتی تھیں۔ یعنی تینوں لڑکیاں ایک متوازی کورین دنیا میں جی رہی تھیں۔
 
باپ پر 2 کروڑ کا قرض :
 
پولیس تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ چیتن پر تقریباً 2 کروڑ روپے کا قرض ہے۔ اسے کاروبار میں نقصان ہوا تھا۔ لڑکیوں کے اسکول چھوڑنے کی بھی یہی وجہ بتائی جا رہی ہے۔
  
اسی طرح چیتن نے دو شادیاں کی تھیں۔ پہلی بیوی اور دوسری شادی اپنی سالی ہینا سے کی۔ رپورٹ کے مطابق اس نے اپنی تیسری سالی کو بھی گھر میں رکھا ہوا تھا۔ دونوں بیویوں سے چیتن کے 5 بچے ہیں۔
 
لڑکیوں کی ڈائری میں کیا لکھا ہے؟
 
این ڈی ٹی وی کے مطابق، لڑکیوں کی ڈائری میں لکھا ہے:"کورین ہماری زندگی تھی، تو تمہاری ہمت کیسے ہوئی ہم سے ہماری زندگی چھیننے کی؟ تمہیں نہیں پتہ تھا کہ ہم ان سے کتنا پیار کرتے تھے۔ اب تم نے ثبوت دیکھ لیا ہے۔ اب ہمیں یقین ہو گیا ہے کہ کورین اور کے پاپ ہماری زندگی ہیں۔ ہم تم سے اور فیملی سے اتنا پیار نہیں کرتے تھے جتنا ہم کورین ایکٹر اور کے پاپ سے کرتے تھے۔ کورین ہماری زندگی تھی۔
 
 
واقعے سے متعلق یہ باتیں بھی سامنے آئیں:
 
تینوں بہنیں پڑھائی میں کمزور تھیں۔ فیل ہونے کے بعد تقریباً 3 سال سے سکول نہیں جا رہی تھیں۔پراچی تینوں بہنوں میں 'باس' کا کردار ادا کرتی تھی۔ دونوں بہنیں اس کے حکم کی تعمیل کرتی تھیں۔ باپ کے مطابق تینوں کھانا پینا اور نہانا دھونا بھی ایک ساتھ کرتی تھیں۔پولیس کو کچھ متضاد معلومات بھی ملی ہیں، جیسے 9ویں منزل سے لاشوں کا دیوار کے قریب گرنا اور پڑوسیوں کی جانب سے گھر میں جھگڑا ہونے کی بات بتانا۔