آندھراپردیش اس وقت طوفان کے خطرہ سے دوچار ہے۔ جنوب مشرقی خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے اور ایک سائیکلونک سرکولیشن بن گیا ہے۔ یہ جزائر انڈمان کے تقریباً 440 کلومیٹر مغرب۔جنوب مغرب میں، وشاکھاپٹنم سے 970 کلومیٹر جنوب مشرق، چینائی کے 970 کلومیٹر مشرق۔جنوب مشرق اور کاکیناڈا سے 990 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ طوفان کے پیش نظر حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے حکم کے مطابق 8 این ڈی آر ایف اور 9 ایس ڈی آر ایف ٹیمیں تیار کی گئی ہیں۔
تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان:
اس کے علاوہ ضلع کلکٹر ڈی کے بالاجی نے کہاکہ کرشنا ضلع میں آئندہ چار دنوں تک بہت زیادہ بارش کے امکان کے پیش نظر تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی جانی نقصان کو روکنے کیلئے ضلع کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں، رہائشی اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں 3 دن کی چھٹی دی جارہی ہے۔ ساتھ ہی تمام طلبہ جو ہاسٹل میں ہیں انکے حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔اسکے علاوہ ماہی گیروں کو شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے سمندر میں داخل ہونے سے خبردار کیا گیا ہے۔
تمام اضلاع کیلئے خصوصی افسران کی تقرری:
آندھرا پردیش حکومت نے خلیج بنگال میں بننے والے طوفان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ چیف سکریٹری کے وجیانند نے ریاست کے تمام اضلاع کیلئے خصوصی افسران کی تقرری کے احکامات جاری کیے۔اور انہیں راحت اور بحالی کے اقدامات کو مربوط کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ احکامات میں ان افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ہر متاثرہ شخص کی مدد کو یقینی بنائیں۔ حکومت نے ریاست کو تین خطوں میں تقسیم کیا ہے اور علاقائی رابطہ افسروں کا تقرر کیا ہے۔ اجے جین آئی اے ایس سریکاکولم سے کونسیما تک ساحلی علاقوں کے انچارج ہوں گے اور آر پی سیسودیا آئی اے ایس مغربی گوداوری سے پرکاشم تک کے علاقے کے انچارج ہوں گے۔
حیدرآباد میں الرٹ جاری:
اس دوران حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ جنوب مشرقی خلیج بنگال میں شدید کم دباؤ کا علاقہ آج صبح اسی علاقے میں طوفانی گردش میں تبدیل ہوگیا ہے۔ امکان ہے کہ یہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مغرب۔ شمال مغرب کی طرف بڑھے گا اور کل صبح تک یہ مزید شدت اختیار کر جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے اشارہ دیا ہے کہ اس کے علاوہ جنوبی انڈمان سمندر کے علاقے میں ایک اور کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ اس کے اثر سے تلنگانہ میں آئندہ تین دن تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے۔
عہدیداروں کے مطابق 26، 27 اور 28 تاریخ کو شمالی اور شمال مشرقی اضلاع کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔اس کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ادھر دوسری جانب حیدرآباد کے کئی مقامات کل شام سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شیخ پیٹ، گچی باؤلی، رائے درگم، قطب اللہ پور، ڈنڈیگل، بہادر پلی، کوکٹ پلی، موسی پیٹ، جے این ٹی یو، نظام پیٹ، اندرا نگر کے علاوہ دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ پرانے شہر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔