Wednesday, April 15, 2026 | 26 شوال 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • اگر میرے اسمبلی حلقے میں رہنا ہے تو وندے ماترم کہنا ہوگا!بی جے پی ایم ایل اے کا متنازعہ بیان

اگر میرے اسمبلی حلقے میں رہنا ہے تو وندے ماترم کہنا ہوگا!بی جے پی ایم ایل اے کا متنازعہ بیان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 13, 2026 IST

اگر  میرے اسمبلی  حلقے میں رہنا ہے تو وندے ماترم  کہنا ہوگا!بی جے پی ایم ایل اے کا متنازعہ بیان
بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلسل ملک میں مذہب کے نام پرسیاست عام ہو چکا ہے۔ یہ کسی سے پوشیدہ نہیں کہ بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں مسلسل مسلم مخالف بیان بازی سے نفرت کو فروغ  دیا جا رہا ہے ۔بی جے پی پر یہ الزام   بھی عام ہے کہ وہ ملک کی عوام کو حقیقی مسا‎ئل سے بھٹکا کر غیر  ضروری موضوع میں  الجھا کر رکھی ہے۔
 
اسی بیچ اندور کے دیپالپور حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ایم ایل اے اور بی جے پی  رہنما منوج پٹیل نے متنازعہ بیان  دیتے  ہوئے کہا کہ  اگر میرے اسمبلی حلقہ میں رہنا ہے  تو 'وندے ماترم' کا نعرہ لگانا ہوگا۔
 
بتا دیں کہ اندرور کی دیپالپور  اسمبلی  حلقہ کے موجودہ رکن اور بی جے پی لیڈر منوج پٹیل اپنی ہندوتو پسندانہ سوچ اور متنازع بیان بازیوں کی وجہ سے ہمیشہ بحثوں میں رہتے ہیں۔ اس بار انہوں نے ایک پروگرام کے دوران وندے ماترم نہ بولنے کے حوالے سے متنازع بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے ویدھان سبھا میں رہنے والوں کو وندے ماترم کہنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ جس کے باپ میں دم ہے، وہ وندے ماترم بلا کر دکھائے۔ انہیں میں کہنا چاہتا ہوں کہ ان میں دم ہے تو میرے سامنے یہ باتیں کہہ کر دکھائیں۔
 
منوج پٹیل نے کہا کہ جس وندے ماترم گیت کو گا کر دیش بھکتوں نے آزادی دلائی ہے، اس وندے ماترم کو گانے میں اگر کسی کو دقت ہو رہی ہے تو میں  دیپالپور ویدھان سبھا میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔ یہاں جسے رہنا ہے، اسے وندے ماترم کہنا ہوگا۔
 
خیال رہے کہ وندے ماترم گانے کو لے کر مسلم معاشرہ، ان کے لیڈرز اور تنظیموں نے ہمیشہ مخالفت کا اظہار کیا ہے۔ کئی بار وندے ماترم گانے کا معاملہ عدالت تک پہنچ چکا ہے۔
 
مسلم معاشرہ ہمیشہ وندے ماترم گانے کے لیے مجبور کرنے پر اعتراض کرتا آیا ہے۔ مسلم معاشرے کا کہنا ہے کہ وندے ماترم ان کے مذہبی اقدار کے خلاف ہے۔ وندے ماترم میں اس زمین کو خدا مان کر پوجنے کی بات کہی گئی ہے، جبکہ مسلمان صرف اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اللہ کے سوا کسی اور کی عبادت نہیں کرتے۔ اس لیے مسلم معاشرے کو ایسے کسی بھی گیت یا نعرے لگانے کے لیے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
 
اس کے ساتھ ہی مسلم معاشرے کا کہنا ہے کہ وندے ماترم یا ایسے کسی بھی گیت یا نعرے کو لگانے کے لیے مجبور کرنا آئین کے خلاف ہے۔ آئین میں مذہب ماننے کی آزادی ہے اور یہ نعرے اور گیت مسلمانوں کے مذہبی عقائد کے خلاف ہیں۔