- بلغاریہ میں بریو CF 107 ایونٹ میں کشمیری فائٹر نے کامیابی حاصل کی
- اویس یعقوب نے دو بار کے عالمی چیمپئن فائٹر کو شکست دے دی
- جموں و کشمیر کے سی ایم عمرعبداللہ نے جیت پر مبارکباد پیش کی
- اویس نے اپنی جیت کو ملک اور کشمیر کے لوگوں کے لیے وقف کیا
- بین الاقوامی ایم ایم اے میں یہ کارنامہ انجام دینے والا کشمیر کا پہلا ایتھلیٹ
کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے بین الاقوامی مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) میں دھوم مچادی۔ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے اویس یعقوب نے بلغاریہ میں منعقدہ باوقار 'بریو کامبیٹ فیڈریشن 107کے 68 کلوگرام کیچ ویٹ ایونٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے ناقابل شکست اور دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن بلغاریہ کے فائٹر ڈیلین جارجیو کو ناک آؤٹ کرکے تاریخ رقم کی۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اویس تعقوت کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےاس جیت پر چمپئن کو مبارکباد دی۔
اویس یعقوب کی کامیابی جموں وکشمیر اور ملک کےلئے فخر:سی ایم
عمر عبداللہ کے دفتر نے 'X' پلیٹ فارم پر یہ انکشاف کیا۔ "وزیر اعلیٰ نے بلغاریہ میں ناقابل شکست عالمی چیمپیئن کو شکست دے کر جموں و کشمیر کے ایم ایم اے فائٹر اویس یعقوب کو ان کی شاندار جیت پر مبارکباد دی۔ یہ جموں اور کشمیر کے ساتھ ساتھ ملک کے لئے بھی فخر کی بات ہے۔ انہوں نے مستقبل میں مزید فتوحات اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ کو مستحکم کرنے کی خواہش کی۔"
4 منٹ میں چاروں خانے چت
اویس نے یکم اگست کو بلغاریہ کے برگاس ایرینا میں منعقدہ اس فائٹ میں مکمل غلبہ دکھایا ۔ انھوں نے پہلے راؤنڈ میں صرف 4 منٹ میں ٹیکنیکل ناک آؤٹ (TKO) کے ذریعے ڈیلیان جارجیو کو شکست دی اور اپنے کیریئر میں یادگار فتح حاصل کی۔ یہ شکست جارجیو کے کیریئر کی پہلی شکست تھی۔ اویس جن کا تعلق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے مران گاؤں سے ہے، نے اس لڑائی میں بہترین مستقل مزاجی، استقامت اور تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کیا اور سب کی داد حاصل کی۔
یہ صرف شروعات ہے: اویس یعقوب
جیت کے بعد اویس یعقوب نے کہا، "یہ جیت میرے لیے سب کچھ ہے، میں اپنے خاندان، جموں و کشمیر کے لوگوں اور پورے ملک کی امیدیں لے کر رنگ میں داخل ہوا، ناقابل شکست عالمی چیمپئن کو شکست دینا ایک خواب پورا ہونے والا لمحہ ہے، لیکن یہ صرف شروعات ہے۔ میں مزید محنت کروں گا اور عالمی سطح پر فخر کے ساتھ ہندوستان کی نمائندگی کرکے مزید فتوحات حاصل کروں گا۔" اگرچہ کشمیر کے کئی پہلوانوں نے ماضی میں قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن کوئی بھی اس بین الاقوامی سنگ میل تک نہیں پہنچ سکا جو اویس نے ایم ایم اے کے کھیل میں حاصل کیا ہو۔
مخالف فائٹر کو پہلی شکست کا مزہ چکھایا
اویس یعقوب نے بلغاریائی فائٹر کو ان کے پیشہ ورانہ کریئر کی پہلی شکست کا مزہ چکھایا اور مسلسل چھٹی جیت کے ساتھ اپنی فتوحات کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ اویس، جو 1-5 کے ریکارڈ کے ساتھ اس مقابلے میں اترے تھے، اب 1-6 کے ریکارڈ پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ جارجیوف کا ریکارڈ گر کر 1-3 ہو گیا ہے۔ اویس کی یہ جیت تمام تر اندازوں اور توقعات کے برعکس تھی۔ 'ٹیپولوجی' کے مطابق، 73 فیصد مداحوں نے پیشگوئی کی تھی کہ یہ مقابلہ جارجیوف جیتیں گے۔ اس کے برعکس، اویس نے مقابلے کے آغاز سے ہی حاوی ہو کر 32 سالہ بلغاریائی فائٹر کو سنبھلنے کا بالکل موقع ہی نہیں دیا اور بالآخر انہیں شکست دے دی۔ جب ریفری نے میچ ختم کرنے کا اشارہ کیا تو اویس نے کیج (پنجرے) کے اوپر چڑھ کر جشن منایا، جب کہ کمنٹیٹرز نے اس شاندار کارکردگی کو بھارتی ایم ایم اے کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔
جیت کے بعد جذباتی ہوئے اویس
کشمیر سے تعلق رکھنے والے اس فائٹر نے روایتی کشمیری قراقلی ٹوپی، سیاہ پشمینہ شال پہنے اور ہاتھ میں بھارت کا ترنگا تھامے کیج کی طرف یادگار واک کی۔ بلیو کارنر سے لڑنے والے اویس نے جیت کے بعد جالی پر چڑھ کر مداحوں اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ جیت کے بعد جذباتی نظر آنے والے اویس نے ان چیلنجز اور مشکلات کا تذکرہ کیا جن پر قابو پا کر انہوں نے یہ کامیابی حاصل کی۔
"الحمدللہ! بلغاریہ والوں آپ کا شکریہ
مقابلے کے بعد انہوں نے کہا کہ "الحمدللہ! بلغاریہ والوں آپ کا شکریہ کہ آپ نے میری حمایت نہیں کی، لیکن ایک دن آپ مجھ سے محبت کریں گے۔ ہم پیشہ ور فائٹرز ہیں۔ میں بھارت کے لیے بیلٹ لانا چاہتا ہوں۔ آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ مجھ پر کتنا دباؤ تھا۔ ہم نے 40 گھنٹے کا طویل سفر کیا، دو دن تک بالکل نہیں سوئے اور میں نے اپنے وزن کو برقرار رکھنے پر بھی سخت محنت کی۔