• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • میٹا پر تقریباً 5,000 کروڑ روپے جرمانہ

میٹا پر تقریباً 5,000 کروڑ روپے جرمانہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 07, 2026 IST

میٹا پر تقریباً 5,000 کروڑ روپے جرمانہ
سوشل میڈیا کمپنی میٹا کو بچوں کی آن لائن حفاظت سے متعلق ایک بڑے قانونی دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میکسیکو کی ایک عدالت نے کمپنی پر 567 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 5,000 کروڑ روپے) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ یہ رقم ان نقصانات کے معاوضے کے طور پر ادا کی جائے جو مبینہ طور پر کمپنی کے پلیٹ فارمز پر نوجوان صارفین کو پہنچے۔ عدالت اپنے فیصلے میں کہا کہ میٹا نے جان بوجھ کر ایسے اقدامات نہیں کیے جن سے بچوں کی ذہنی صحت کو مؤثر انداز میں محفوظ بنایا جا سکتا، اور کمپنی نے اپنے پلیٹ فارمز پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق معلومات کو بھی مناسب طریقے سے ظاہر نہیں کیا۔
 
عدالتی کارروائی کے دوسرے مرحلے میں سرکاری وکلاء نے جج سے مطالبہ کیا کہ میٹا کو صرف مالی جرمانے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ کمپنی کو اپنی پالیسیوں اور پلیٹ فارم کے ڈیزائن میں بنیادی تبدیلیاں کرنے کا بھی پابند بنایا جائے۔ ان مجوزہ اصلاحات میں ایسی خصوصیات ختم کرنے پر زور دیا گیا ہے جو نوجوانوں میں سوشل میڈیا کی لت کو فروغ دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ عمر کی تصدیق کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، کم عمر صارفین کے لیے پہلے سے سخت پرائیویسی سیٹنگز نافذ کرنے اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد کی روک تھام کے لیے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
 
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میٹا نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ انسٹاگرام اور فیس بک پر بچوں سے متعلق بعض مواد کی نگرانی میں خامیاں رہ گئی تھیں۔ کمپنی نے ان مسائل کو دور کرنے کے لیے مزید اقدامات کا وعدہ کیا، جبکہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بھی اس معاملے پر عوامی سطح پر معذرت کا اظہار کیا تھا۔ یہ مقدمہ ایک بار پھر اس بحث کو تیز کر رہا ہے کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ذمہ داری صرف صارفین کو پلیٹ فارم فراہم کرنے تک محدود نہیں، بلکہ انہیں خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت، رازداری اور آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید سخت اور مؤثر اقدامات بھی کرنے چاہئیں۔