Saturday, May 16, 2026 | 28 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • امریکی-نائجیرین مشترکہ آپریشن میں داعش کا اہم کمانڈر ہلاک، ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی-نائجیرین مشترکہ آپریشن میں داعش کا اہم کمانڈر ہلاک، ٹرمپ کا دعویٰ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: May 16, 2026 IST

امریکی-نائجیرین مشترکہ آپریشن میں داعش کا اہم کمانڈر ہلاک، ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور نائجیرین افواج نے انسداد دہشت گردی کے ایک بڑے مشترکہ آپریشن میں داعش کے دوسرے اعلیٰ ترین کمانڈرابوبلال المنوقی کو ہلاک کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کیا۔ ٹرمپ کے مطابق یہ کارروائی انتہائی حساس اور پیچیدہ تھی، جسے کئی ہفتوں کی خفیہ نگرانی اور محتاط منصوبہ بندی کے بعد انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابو بلال المنوقی افریقہ میں روپوش تھا اور وہاں سے داعش کی بین الاقوامی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا تھا۔
 
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ المنوقی کو یقین تھا کہ وہ افریقہ میں چھپ کر محفوظ رہے گا، لیکن امریکی انٹیلی جنس ادارے مسلسل اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ان کے مطابق اس کارروائی کے بعد داعش کے عالمی نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور اب المنوقی امریکیوں یا افریقی عوام کے خلاف کسی بھی حملے کی منصوبہ بندی نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے اس کامیاب مشن پر نائجیریا کی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکی افواج کی کارکردگی کو سراہا۔ اپنے بیان کے اختتام پر ٹرمپ نے “گاڈ بلس امریکہ” کا نعرہ بھی لگایا۔
 
چین کے دورے میں ایران کا مسئلہ زیر بحث
 
دوسری جانب صدر ٹرمپ اپنے دو روزہ دورۂ چین پر بھی روانہ ہو گئے ہیں، جہاں ان کی ملاقات چینی صدر Xi Jinping سے ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی سلامتی سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی سفارتی حلقے اس تنازعے کو کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ چین کو ایران کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کی وجہ سے ایک اہم کردار کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق واشنگٹن امید کر رہا ہے کہ بیجنگ ایران کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی طرف واپس آنے پر آمادہ کرنے میں کردار ادا کرے گا۔