Monday, October 20, 2025 | 28, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • کیا بھارت روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

کیا بھارت روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 16, 2025 IST

کیا بھارت روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ایک بڑا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مجھے یقین دلایا ہے کہ بھارت روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا،کہ مجھے خوشی ہے کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ انہوں نے (وزیر اعظم مودی) مجھے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے۔ یہ ایک بڑا قدم ہے۔ اب ہم چین سے بھی ایسا کرنے جا رہے ہیں۔
 
صدر ٹرمپ نے یہ بیان نئی دہلی میں منتخب امریکی سفیر سرجیو گور کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد دیا،وائٹ ہاؤس میں صدر کے دفتر کے ڈائریکٹر اور ٹرمپ کے قریبی ساتھی گور کی تقرری کو امریکہ بھارت دو طرفہ تعلقات میں تسلسل اور گرمجوشی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ گور اور ہندوستانی وزیر اعظم کے درمیان ہونے والی بات چیت سے بہت خوش ہیں۔
 
گور نے مجھے بتایا کہ مودی مجھے پسند کرتے ہیں: ٹرمپ
 
ملاقات کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا،مودی ایک عظیم لیڈر ہیں، انہوں نے (سرجیو گور) نے مجھے بتایا کہ وہ (مودی) ٹرمپ کو پسند کرتے ہیں۔ میں برسوں سے ہندوستان کو دیکھ رہا ہوں، یہ ایک شاندار ملک ہے، ہر سال آپ کو ایک نیا لیڈر ملتا ہے، کچھ لوگ وہاں چند ماہ تک رہتے ہیں اور یہ برسوں تک جاری رہتا ہے۔ میرے دوست کافی عرصے سے وہاں موجود ہیں اور انہوں نے مجھے یقین دلایا ہے کہ روس سے تیل نہیں خریدا جائے گا۔
 
عمل جلد شروع ہوگا : ٹرمپ
 
ٹرمپ نے مزید کہا، روس سے تیل خریدنا بند کرنا ایک چھوٹا عمل ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔ ہم صرف صدر ولادیمیر پوتن سے بہی چاہتے ہیں کہ وہ اسے روکیں، یوکرین اور روس ایک دوسرے کو مارنا بند کر دیں۔دونوں لیڈروں (وولوڈیمیر زیلنسکی اور پوتن) میں بہت نفرت ہے، اگر بھارت تیل نہیں خریدتا ہے تو یہ بہت بہتر قدم ہوگا،انہوں نے اسے روس پر دباؤ بڑھانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ روس کو تنہا کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔
 
امریکہ نے بھارت پر 50 فیصد ٹیرف لگایا:
 
امریکہ نے 7 اگست کو ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا۔ جس کے بعد روس سے تیل کی خریداری کی وجہ سے 27 اگست کو بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا گیا۔ اس کا مطلب ہے کہ بھارت پر کل 50 فیصد ٹیرف لاگو ہے۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ روس سے تیل خرید کر بھارت یوکرین جنگ کی فنڈنگ ​​کر رہا ہے۔ بھارت کا موقف ہے کہ وہ اپنے تجارتی فیصلے قومی مفادات کی بنیاد پر کرے گا۔