نئی دہلی: نوئیڈا کے سیکٹر 27 میں واقع ایک بازار میں ارجن ایوارڈ یافتہ اور بین الاقوامی خاتون پہلوان دیویا کاکرن كے شوہر کے گلے سے سونے کی چین چھیننے والےدو بدمعاشوں كو پولیس نے گرفتار كر لیا ہے۔ پولیس نے دونوں بدمعاشوں كو کوتوالی سیکٹر 113 میں ایف این جی روڈ پر چیکنگ کے دوران پکڑا ہے، تاحال ایک بدمعاش فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار بدمعاشوں کے نام نریش عرف دیوا عرف جاٹ اور رشبھ ہیں۔ دونوں نے ایف این جی روڈ پر پولیس پر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس فائرنگ میں دونوں زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے غیر قانونی ہتھیار، لوٹی ہوئی چین، لوٹی گئی اشیاء فروخت کرکے حاصل کی گئی 35,200 روپے نقدی اور ایک اسپورٹس بائیک بھی برآمد کی ہے۔
ایڈیشنل ڈی سی پی منیش مشرا نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بدمعاش 26 نومبر کو سیکٹر 27 میں چین اسنیچنگ کے کئی واقعات میں ملوث تھے۔ شرپسند سپورٹس بائک پر سوار ہو کر وارداتیں انجام دیتے تھے۔
پولیس اب مفرور تیسرے بدمعاش آکاش کی تلاش کر رہی ہے۔ اس واقعہ سے علاقے کے لوگوں میں تشویش کا ماحول ہے تاہم پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی سے لوگوں میں کچھ راحت ملی ہے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔