اننت ناگ: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور کولگام کے متعدد مقامات پر ہفتہ کی صبح چھاپے مارے گیے ہیں۔ مذکورہ چھاپے ماری کی کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) ونگ نے انجام دی ہے۔ آج صبح اننت ناگ کے ڈسٹرکٹ جیل کیہریبل مٹن اور ضلع کولگام کے دو گاؤں میں چھاپے ماری کی کارروائی انجام دی گئی ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر کی ٹیمیں ضلع کی ڈسٹرکٹ جیل مٹن پہنچیں، جہاں ڈسٹرکٹ جیل کے مختلف بلاکس اور بیرکوں میں تلاشی لی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ تلاشی مہم کی کارروائی عسکریت پسندی سے متعلق ایک معاملے کی جانچ کا حصہ تھا، جس میں تحقیقات کے دوران ڈسٹرکٹ جیل مٹن کے احاطے میں تکنیکی دستخط ملے ہیں۔ اہلکار کے مطابق کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر کی ٹیموں نے کولگام کے گاؤں سونی گام اور چاولگام علاقوں میں بھی کئی مقامات میں تلاشی لی۔ ان چھاپوں کی منصوبہ بندی اور کارروائی عدالت سے حاصل کردہ سرچ وارنٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند دنوں قبل این آئی اے نے عسکریت پسندی سے متعلق معاملے میں گجرات، اترپردیش، جموں و کشمیر، مہاراشٹر اور آسام سمیت 19 مقامات پر چھاپے مارے ۔ ایجنسی نے بتایا کہ یہ کارروائی پہلے سے درج مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ ذرایع کے مطابق این آئی اے نے سری نگر، بارہمولہ، بڈگام اور جموں کے ریاسی ضلع میں چھاپے مارے۔