نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے مصطفی آباد اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے سابق کارپوریشن کونسلر طاہر حسین کو امیدوار بنایا ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اسد الدین اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اسکی جانکاری دی ہے۔
انہوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ سابق کونسلر طاہر حسین اے آئی ایم آئی ایم میں شامل ہو گئے ہیں اور وہ آئندہ دہلی اسمبلی انتخابات میں مصطفی آباد سے ہمارے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ان کے اہل خانہ اور حامیوں نے آج مجھ سے ملاقات کی اور انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
آپ کو بتا دیں کہ طاہر حسین 2017 میں مصطفی آباد کے نہرو وہار وارڈ سے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر کونسلر منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد طاہر حسین پر فروری 2020 میں دہلی فسادات کی سازش کا الزام لگا اور انہیں دہلی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اس کے بعد طاہر حسین کو عام آدمی پارٹی نے پارٹی سے نکال دیا تھا۔ فی الحال طاہر حسین دہلی فسادات کیس میں جیل میں قید ہیں۔