• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • دہلی میں بزرگوں کو مفت ملے گا علاج

دہلی میں بزرگوں کو مفت ملے گا علاج

Reported By: | Edited By: | Last Updated: Dec 18, 2024 IST

image
 دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی  کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے 18آج  دسمبر بدھ  کو ایک بڑا اعلان کیا ہے۔انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں  کے لیے سنجیوانی یوجنا کا اعلان کیا ہے۔اس اسکیم کے تحت بزرگوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ علاج کے اخراجات کی کوئی حد نہیں ہوگی اور نہ ہی اس کے لیے کوئی شرائط عائد کی جائیں گی۔ اس اسکیم کو انتخابات کے بعد نافذ کیا جائے گا۔اس اسکیم کے تحت دہلی کے بزرگ کسی بھی سرکاری اور نجی اسپتال میں علاج کروا سکتے ہیں۔ ان کے علاج کا پورا خرچ سرکار دے گی ۔
سابق وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال نے کہا کہ ہم بزرگوں کا احترام کرتے ہیں۔ 
ہم آج جہاں پر ہیں ،آپ لوگوں نے ہی ہمیں اس مقام پر پہنچا یا ہے۔آپ کا بچہ ہونے کے ناطے آپ کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے ہر طرح کی بیماریاں ہمیں گھیر لیتی ہیں۔ میں نے اچھے گھرانوں کے بزرگوں کو بڑھاپے میں تکلیف میں دیکھا ہے۔ بچے انہیں تکلیف میں چھوڑ جاتے ہیں لیکن آپ لوگ فکر نہ کریں، آپ کا بیٹا زندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت امیر اور غریب میں فرق نہیں کرے گی۔ سب کا علاج مفت ہوگا۔ بزرگوں کی رجسٹریشن جلد شروع کر دی جائے گی اور جلد ہی  شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔