• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • روس نے بشار الاسد اور ان کے خاندان کو پناہ دی

روس نے بشار الاسد اور ان کے خاندان کو پناہ دی

Reported By: Munsif Bureau | Edited By: Munsif Bureau | Last Updated: Dec 10, 2024 IST

image
ماسکو: شام میں سیاسی بحران کے بعد روس نے بشار الاسد اور ان کے خاندان کو سیاسی پناہ دے دی۔ باغی گروپوں نے اتوار کو دمشق پر قبضہ کر لیا ہے، وہیں عوام بشار الاسد خاندان کے 50 سالہ حکمرانی کے خاتمہ پر خوشیاں منارہے ہیں۔ ملک میں اس وقت جشن کا ماحول ہے عوام سڑکوں پر جشن منا رہے ہیں۔ دمشق کے مختلف چوک و چوراہوں پر  عوام نے شام کا انقلابی پرچم لہرایا۔  شام کی صورت حال تمام پڑوسی ممالک کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، کیونکہ شامی باغیوں نے اتوار کو دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا تھا۔ جس کی وجہ سے اسد بھاگنے پر مجبور ہوئے اور ملک میں ان کی دو دہائیوں سے زائد پرانی حکمرانی ختم ہو گئی۔ اسد اور ان کا خاندان ماسکو پہنچ گیا ہے۔ روس نے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی ہے۔
 
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے ہمیشہ شام کے بحران کے سیاسی حل کے حق میں بات کی ہے۔ روس اقوام متحدہ کی مداخلت کے ذریعے امن کی بحالی کے حق میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق روسی حکام مسلح شامی اپوزیشن کے نمائندوں سے رابطے میں ہیں۔ ان کے رہنماؤں نے شامی علاقے میں روسی فوجی اڈوں اور سفارتی مشنوں کی حفاظت کی ضمانت دی ہے۔
 
قابل ذکر ہے کہ روس کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز شام میں رونما ہونے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات میں شامل تمام فریقوں سے تشدد ترک کرنے اور تمام مسائل کو سیاسی طریقوں سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ وزارت نے کہا کہ بشار الاسد نے اقتدار چھوڑ دیا ہے اور اقتدار کی پرامن منتقلی کی ہدایات دیتے ہوئے ملک چھوڑ دیا ہے۔