کرناٹک کے سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا کی آخری رسومات آج تمام سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ ایس ایم کرشنا کی آخری رسومات آج شام چار بجے انجام دی جائیں گی۔
اس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کرناٹک حکومت نے سابق وزیر اعلیٰ کے اعزاز میں 10 سے 12 دسمبر تک تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے آج صبح ایس ایم کرشنا کے گھر پہنچ کر ان کے افرادخاندان سے ملاقات کی اور عہدیداروں کو انتظامات سے متعلق ہدایت دی۔ ایس ایم کرشنا کا منگل کی صبح 92 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات آج ان کے آبائی ضلع منڈیا میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دی جائیں گی۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوگ کی مدت کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور تمام سرکاری تفریحی تقریبات معطل رہیں گی۔توقع ہے کہ کرناٹک میں بینک 11 دسمبر کو کھلے رہیں گے جب تک کہ ریزرو بینک آف انڈیکوئی سرکاری ہدایت جاری نہیں کرتا۔ فی الحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے جس میں اسے بینک تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔