ممبئی: مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں بدھ 18 دسمبر کو ایک کشتی حادثے میں 13 افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں تین افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو علاج کی غرض سے ممبئی آیا تھا۔ مذکورہ حادثے میں ہلاک ہونے والا خاندان ناسک سے ممبئی علاج کے لیے آیا تھا، خاندان ہسپتال میں دو دن کے علاج کے بعد سمندری سفاری سے لطف اندوز ہونے کے لیے گیٹ وے آف انڈیا پر آیا تھا لیکن یہ خوشی غم میں تبدیل ہوگئی ۔
کشتی حادثے میں مرنے والے خاندان کے نام راکیش اہیرے، بیوی ہرشدا اہیرے اور بیٹے ندھیش اہیرے ہیں۔ یہ خاندان ناسک کے پمپلگاؤں بسونت کا رہنے والا تھا۔ راکیش آہیرے اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ دمہ کے علاج کے لیے دو دن پہلے ممبئی آئے تھے۔ لیکن اہیرے خاندان کی کشتی حادثے میں موت ہو گئی۔
واضح رہے کہ ہمیشہ کی طرح ایک مسافر کشتی گیٹ وے آف انڈیا سے ایلیفنٹہ کی طرف جا رہی تھی۔ کشتی درمیان میں حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثہ 3.55 بجے پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوسٹ گارڈ اور میرین پولیس نے امدادی کارروائی شروع کردی۔ اس کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کا کام بھی شروع کر دیا۔ یہ حادثہ دو کشتیوں کے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا۔ تصادم کے بعد کشتی سمندر میں داخل ہونے لگی اور وہ ڈوب گئی۔ اس حادثے میں کل 105 افراد کو 5 مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ اس واقعے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارتی بحریہ سمیت مختلف ایجنسیوں کی جانب سے تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ آہیرے خاندان کے تین افراد کے ایسے المناک انجام سے اہل خانہ سمیت پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے۔