ملک کے سابق وزیر اعظم اور کانگریس لیڈر منموہن سنگھ کا جمعرات کی رات انتقال ہو گیا۔ان کی عمر 92 برس تھی ۔ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں دیر شام دہلی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کرایا گیا ،انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم ڈاکٹر منموہن سنگھ کل رات 9.51 بجے انتقال ہوگۓ۔وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ اس غم کے موقع پر مرکزی حکومت نے جمعہ کے لیے تمام سرکاری پروگراموں کو منسوخ کر دیا ہےاور حکومت ہند نے 27 دسمبر 2024 کو طے شدہ تمام پروگراموں کو منسوخ کر تے ہوۓملک بھر میں7 روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ منموہن سنگھ 26 ستمبر 1932 کو غیر منقسم ہندوستان کے پنجاب کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں تعلیم، معاشیات اور سیاست میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔1948میں پنجاب یونیورسٹی سے دسویں پاس کی۔ اس کے بعد انہوں نے 1957 میں کیمبرج یونیورسٹی سے اکنامکس میں آنرز کی ڈگری حاصل کی۔اسکے علاوہ انہوں نے 1962 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے نفیلڈ کالج سے اکنامکس میں ڈی فل کی ڈگری حاصل کی۔ساتھ ہی بتاتے چلیں کہ منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔ اس دوران ایک نازک اتحاد کی کمان ان کے ہاتھ میں تھی۔ان کے دور میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) اوسطاً 8.1 فیصد کی شرح سے بڑھی۔اس عرصے کے دوران سنگھ نے معلومات کا حق، قومی دیہی صحت مشن، آدھار، مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی (منریگا)، بچوں کی مفت اور لازمی تعلیم کا حق، راجیو آواس یوجنا اور نیشنل فوڈ سیکورٹی جیسے اہم قوانین اور اسکیموں کو نافذ کیا تھا۔
اسکے علاوہ منموہن سنگھ جون 1991 میں پی وی نرسمہا راؤ حکومت میں وزیر خزانہ مقرر کیے گۓ تھے۔ چار ماہ بعد، اکتوبر میں، وہ پہلی بار آسام سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔اس کے بعد وہ 1995، 2001، 2007 اور 2013 میں آسام سے مسلسل راجیہ سبھا کے رکن رہے۔ وہ اگست 2019 میں چھٹی اور آخری بار راجستھان سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔انہوں نے 1999 میں دہلی سے لوک سبھا کا الیکشن بھی لڑا، لیکن جیت نہ سکے۔ساتھ ہی بتا دیں کہ سنگھ نے آخری بار 2016 میں پارلیمنٹ سے خطاب کیا تھا۔اور انہوں نے نوٹ بندی پر حکومت پر سخت تنقید کی تھی۔سنگھ نے کہا تھا، "ڈیمونیٹائزیشن معیشت کے لیے خطرہ ہے۔ یہ معیشت کو کمزور کر سکتا ہے اور جی ڈی پی میں 2 فیصد کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ میں وزیر اعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کسی ایسے ملک کا نام بتائیں جہاں لوگوں نے بینک میں اپنے پیسہ جمع کراۓ لیکن لیکن اسے واپس نکال نہیں سکتے۔تاہم ڈاکٹرمنموہن سنگھ کے انتقال سے پورےملک میں غم کا بادل چھایا ہوا ہے ،عام عوام سے لیکرتمام سیاسی لیڈران اپنے گہرےغم کا اظہار کر رہے ہیں ۔