تلنگانہ کے پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اور اربن ڈیولپمنٹ دانا کشور نے کہا کہ موسیٰ ندی کی سابقہ شان بحال کرنا ، تجدید کاری پروجیکٹ کا بنیادی مقصد ہے۔
حیدرآباد میں منعقدہ 13 روزہ بین الاقوامی شہری ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے دانا کشور نے ندی کو صاف اور اس کے پانی کو پینے کے قابل بنانے سے متعلق حکومت کے عزم پرروشنی ڈالی۔ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ۔ فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے اشتراک سے یہ ورکشاپ مری چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر میں منعقد کیا گیا۔
دانا کشور نے موسیٰ ندی کا پیرس کے دریا سین سے موازنہ کرتے ہوئے حیدرآباد کے مشہور پرانا پل کو پیرس کے پونٹ نیوف پل سے تشبیہ دی۔ انہوں نے کہا حکومت موسیٰ ندی کی اس شان کو بحال کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ندی کے پانی کو پینے کے قابل بنانا ایک اجتماعی مقصد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد صد فیصد سیوریج ٹریٹمنٹ حاصل کرنے کیلئے جنوبی ایشیا کا پہلا شہر بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ فرانسیسی سفیر تھیری ماتھو نے شہری ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے بقائے باہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کو ایک ماڈل شہر بنانے کے امکانات پر روشنی ڈالی ۔