جموں و کشمیر میں اس وقت انتہائی سردی ہے۔ وادی کشمیر میں کئی مقامات پر درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں سردی کی لہر کا اثر مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ پیر کو بھی خطےمیں کئی مقامات پر درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔
اسکے علاوہ وادی جموں میں بھی اس وقت سردی نے زور پکڑ لیا ہے۔ پیر کی صبح جموں میں درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس، کٹرا میں 6.9، بٹوٹ میں 4.5، بانہال میں 1 اور بھدرواہ میں 3.9 ڈگری سیلسیس تھا۔
آئی ایم ڈی کی پیشین گوئی کے مطابق سردی کی لہر کا اثر جموں و کشمیر کے میدانی علاقوں میں 16 دسمبر سے 20 دسمبر تک دیکھا جائے گا، جب کہ پورے جموں و کشمیر میں 22 دسمبر تک موسم خشک رہے گا۔معلومات کے مطابق 21 اور 22 دسمبر کو بالائی علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ وادی میں دسمبر کے آخری ہفتے سے چلئی کلاں شروع ہو جاتی ہے جو کہ شدید سردی کا دور ہے۔ اس بار یہ 21 دسمبر سے شروع ہوگی اور 40 دن کی مدت 30 جنوری کو ختم ہوگی۔ چلئی کلاں کے دوران وادی کے آبی ذخائر منجمد ہو جاتے ہیں۔