• News
  • »
  • قومی
  • »
  • ہند۔کویت تعلقات میں 43سال بعد نئی پیشرفت، پی ایم مودی کریں گے کویت کا دورہ

ہند۔کویت تعلقات میں 43سال بعد نئی پیشرفت، پی ایم مودی کریں گے کویت کا دورہ

Reported By: | Edited By: Mirza Ghani Baig | Last Updated: Dec 19, 2024 IST

image
وزیر اعظم نریندر مودی 21 دسمبر سے کویت کے دو روزہ دورے پر جائیں گے۔ دونوں ممالک کے علاوہ دنیا بھی اس دورے پر نظریں جمائے ہوئے ہے کیونکہ گزشتہ 43 سالوں میں کسی  ہندوستانی وزیر اعظم کا کویت کا یہ پہلا دورہ ہے۔ کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح سے بات کرنے کے علاوہ پی ایم مودی ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ایم مودی کے دورے سے ہندوستان اور کویت کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔
 
کویت اس وقت گلف کارپوریشن کونسل (GCC) کی سربراہی کر رہا ہے۔ GCC میں متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب، عمان اور قطر جیسے ممالک شامل ہیں۔ ان میں کویت واحد GCC ممبر ہے جہاں نریندر مودی نے 2014 میں پی ایم بننے کے بعد سے دورہ نہیں کیا۔ ہندوستان کویت کے لیے سرفہرست تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ ہندوستان اور کویت کے درمیان تاریخی طور پر قریبی اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔ ہندوستانی کمیونٹی کویت میں سب سے بڑی تارکین وطن کمیونٹی ہے۔ کویت میں تقریباً 10 لاکھ ہندوستانی رہتے ہیں۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان پل کی طرح کام کر رہے ہیں۔
 
کویت بھی ہندوستان کی طرح فلموں کے لیے مشہور ہے۔جہاں ہندوستان اپنی فلمی صنعت کی وجہ سے دنیا میں پہچانا جاتا ہے وہیں کویت کی فلم انڈسٹری بھی اپنا ایک نام رکھتی ہے۔ کویتی فلم انڈسٹری کو خلیجی ممالک کا ہالی ووڈ بھی کہا جاتا ہے۔ پہلی فلم 1948 میں کویت میں بنی تھی اور 1950 میں سینما کا شعبہ قائم کیا گیا تھا۔ کویت کی فلم انڈسٹری بین الاقوامی سطح پر بھی پہچان حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
 
عراق اور سعودی عرب کا پڑوسی ملک کویت خلیج فارس پر واقع ہے۔ کویت دنیا کے امیر ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ کویت کے پاس دنیا کے6 بڑے تیل کے ذخائر ہیں، جس نے کویتی دینار کو دنیا کی مضبوط ترین کرنسیوں میں سے ایک بنا دیا ہے۔ کویت میں مسلمانوں  کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور کویت ایک اسلامی ملک ہے۔ کویت کی سرکاری زبان عربی ہے۔