• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • کیجریوال نے کانگریس سے اتحاد کی خبروں کو کیا مسترد،عام آدمی پارٹی دہلی میں اپنی طاقت پر الیکشن لڑے گی

کیجریوال نے کانگریس سے اتحاد کی خبروں کو کیا مسترد،عام آدمی پارٹی دہلی میں اپنی طاقت پر الیکشن لڑے گی

Reported By: Munsif Bureau | Edited By: Munsif Bureau | Last Updated: Dec 11, 2024 IST

image
دہلی اسمبلی انتخابات کو لے کر عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ اب یہ قیاس آرائیاں ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔ عآپ نے کہا ہے کہ دہلی میں کانگریس اور عآپ کے درمیان کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتحاد کی تمام خبروں کو غلط ثابت کرتے ہوئے ہوۓاپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، "عام آدمی پارٹی دہلی میں اپنی طاقت پر الیکشن لڑےگی۔ کانگریس کے ساتھ کسی قسم کے اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے۔
تاہم اس سے پہلے بھی اروند کیجریوال دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ لیکن ایک بار پھر دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کی خبروں نے زور پکڑ لیا۔ اب اروند کیجریوال نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کے کسی بھی امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
دوسری طرف عآپ ایم پی راگھو چڈھا نے کانگریس کے ساتھ اتحاد پر کہا کہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کی خبریں پوری طرح سے بے بنیاد ہیں۔ کسی قسم کے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم اپنی طاقت کے بل بوتے پر الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے۔ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی دہلی میں چوتھی بار حکومت بنانے جا رہی ہے۔
بتاتے چلیں کہ گذشتہ روز شردپوار کی قیام گاہ پر اروند کیجریوال اور کانگریس لیڈر ابھیشک منوسنگھوی کی ملاقت کے بعد اس سلسلہ میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس اور عام آدمی پارٹی میں اتحاد ہوسکتاہے۔ 
 واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات آئندہ سال فروری میں ہونے کا امکان ہے ۔ ان انتخابات کیلئے حکمراں عام آدمی پارٹی نے اپنے امیدواروں کی دو فہرستیں جاری کردی ہیں جس میں 31 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیاگیاہے۔