ممبئی: عظیم اتحاد میں وزارت کا عہدہ نہ ملنے سے ناراض این سی پی کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا نام لیے بغیر ان پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر دیویندر فڑنویس کی درخواست کے باوجود انہیں وزارتی عہدہ نہیں دیا گیا۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ چھگن بھجبل نے وزارت کا عہدہ نہ ملنے پر اجیت پوار سے براہ راست ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ کیا ''میں آپ کے ہاتھوں کا کھلونا ہوں؟ چھگن بھجبل کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو کوئی کہے اٹھو، کوئی کہے رُکو ، ایسا کرو۔ جب انہیں اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا تھا، تب بھی ان سے انتظار کروایا گیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی وزارتی عہدہ چاہتا ہے۔ سوال وزارتی عہدے کا نہیں، مجھے نظر انداز کیا گیا۔ کارکنوں کے ذہنوں میں غصہ اور مایوسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے لیے لوک سبھا جانا بہتر ہوگا۔ چیف منسٹر فڑنویس نے مجھے وزارتی عہدہ دینے پر اصرار کیا۔ ہمیں یہ معلوم کرنا ہوگا کہ کس نے وزارتی عہدہ مسترد کیا ہے۔
این سی پی کے ایم ایل اے چھگن بھجبل نے کہا کہ کارکنوں نے مجھ سے اپنے درد اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ بڑی تعداد میں کارکنوں اور عہدیداروں میں مایوسی ہے۔ میں نے انہیں بتایا کہ کیا ہوا ہے۔ میں آج اپنے حلقے میں جا رہا ہوں۔ کل ایک دن ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ وہ مہذب انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کریں اور لوگوں سے جھڑا کرکے احتجاج نہ کریں۔