آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے چوتھے ٹیسٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔جیت کے لیے 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں یشسوی جیسوال کی اننگز (84) کے باوجود 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔اب سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 جنوری 2025 سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔آپ کو بتا دیں کہ میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گۓاس میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو 184 رنز سے شکست ملی ۔ جیت کے لیے 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی دوسری اننگز 155 رنز پر سمٹ گئی۔ یہ ٹیم انڈیا کی 13 سال بعد میلبورن میں ٹیسٹ شکست ہے۔
اس سے قبل ہندوستانی ٹیم 2011 میں ہار ی تھی۔ اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے چار ٹیسٹ کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ اب پانچواں اور آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ بتادیں کہ روہت کی کپتانی میں ٹیم انڈیا کی گزشتہ دو ماہ میں چھ ٹیسٹ میں یہ پانچویں ٹیسٹ شکست ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 3-0 کی شکست کے بعد بھارت کو ایڈیلیڈ اور اب میلبورن میں شکست ہوئی ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 474 رنز بنائے۔ اسٹیو اسمتھ نے سنچری اسکور کی تھی۔ جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 369 رنز بنائے۔ 21 سالہ نتیش ریڈی نے شاندار سنچری اسکور کی۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 105 رنز کی برتری حاصل تھی۔اس کے بعد بھارت نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 234 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
اس برتری کے بعد آسٹریلیا کی مجموعی برتری 339 رنز تھی اور ہندوستان کو 340 رنز کا ہدف ملا، لیکن ٹیم انڈیا نہ تو میچ جیت سکی اور نہ ہی ڈرا کر سکی، حالانکہ اس کے پاس ایک دن تھا۔ اب ہندوستان کو بارڈر گواسکر ٹرافی کو برقرار رکھنے کے لیے اگلا ٹیسٹ جیتنا ہوگا۔ بتاتے چلیں کہ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستان کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہنچنے کی امیدوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔ اب اسے دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سڈنی میں اگلا ٹیسٹ بھی جیتنا ہوگا۔ ڈرا یا شکست ٹیم انڈیا کو دوڑ سے باہر کر دے گی۔