آسٹریلیا سے شکست کے بعد حال ہی میں ممبئی میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی ایک جائزہ میٹنگ ہوئی جس میں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی موجود تھے۔اس میٹنگ کے بعد اب 'بورڈ' ہندوستانی کھلاڑیوں اور معاون عملے پر کچھ نئے قوانین نافذ کرنے جا رہا ہے۔ساتھ ہی کرکٹر کی فیملی کے لیے سخت قوانین بنائے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ خاص طور پر غیر ملکی دوروں میں، پورے ٹورنامنٹ کے دوران فیملی(بیوی) کے کھلاڑیوں کے ساتھ رہنے سے کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔نئے قوانین کے تحت اگر کوئی ٹورنامنٹ 45 دن یا اس سے زیادہ کا ہے تو فیملی کو کھلاڑیوں کے ساتھ صرف 14 دن رہنے کی اجازت ہوگی اور اگر ٹور کم دن کا ہے تو 7 دن کا ہو سکتا ہے۔نئے قوانین کے تحت فیملی پورے ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ نہیں رہ سکتیں۔
اسکے علاوہ تمام کھلاڑیوں کو ٹیم بس میں سفر کرنا ہوگا۔ گوتم گمبھیر کے پرسنل منیجر کو بھی ٹیم بس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہیں کسی اور ہوٹل میں ٹھہرنا پڑے گا۔ اگر کھلاڑیوں کا سامان 150 کلو سے زیادہ ہے تو بی سی سی آئی کھلاڑیوں کو سامان کے اضافی چارجز ادا نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں خراب کارکردگی کے بعد بھارتی ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی اور پھر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گا۔ اس کے بعد انہیں فروری کے مہینے میں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنی ہے۔آسٹریلیا کے دورے پر بھارت کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی، آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی پانچ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز میں بھارتی ٹیم کو 1-3 سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کر سکی۔
جسکے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین سیزن میں پہلی بار ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔روہت شرما کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے ایک دہائی کے بعد گزشتہ اتوار کو بارڈر-گواسکر ٹرافی (بی جی ٹی) آسٹریلیا کے حوالے کر دی۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا کو ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے خلاف 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان دو جھٹکوں کی وجہ سے ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے سے محروم رہا۔