جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو کہا کہ زیڈ مورہ ٹنل کے افتتاح سے سونمرگ ریزورٹ کی ترقی میں مدد ملے گی اور اسے گلمرگ کی طرح سرمائی کھیلوں کا مرکزبنایا جائے گا۔ گلمرگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ کل وزیر اعظم نریندر مودی زیڈ مورہ ٹنل کا افتتاح کریں گے جو سونمرگ کو سرمائی کھیلوں کی منزل کے طور پر ترقی دینے کی راہ ہموار کرے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی6.5 کلومیٹر لمبی زیڈ مورہ ٹنل کا افتتاح کریں گے جو سونمرگ کو سال بھر کھلا رکھے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں حکومت سونمرگ کو گلمرگ کی طرح سرمائی کھیلوں کے مقام کے طور پر ترقی دینے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
عمر عبداللہ سرمائی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے گلمرگ پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زیادہ سیاح یہاں آتے ہیں تو اس کا مطلب مقامی لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، چاہے وہ سکی گائیڈز ہوں، سکی انسٹرکٹر ہوں، سلیج آپریٹرز ہوں، اے ٹی وی اور سنو موبائل آپریٹرز ہوں یا چھوٹے کاروبار جیسے ریستوراں اور بار۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیل اس سال فروری میں گلمرگ میں منعقد ہوں گے اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ اس تقریب کی میزبانی کے لیے تیاریاں کر رہا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا گلمرگ ایک بین الاقوامی سرمائی کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے، تو انہوں نے کہا کہ ہم اس بارے میں ابھی سوچ بھی نہیں سکتے۔ ہماری ڈھلوانیں ابھی اس سطح پر نہیں ہیں۔ ہمیں بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی سے پہلے اپنی ڈھلوان کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔