• News
  • »
  • قومی
  • »
  • سنبھل کی جامع مسجد کیس: ڈسٹرکٹ کورٹ کی سماعت پر ہائی کورٹ نےلگائی روک

سنبھل کی جامع مسجد کیس: ڈسٹرکٹ کورٹ کی سماعت پر ہائی کورٹ نےلگائی روک

Reported By: | Edited By: Mirza Ghani Baig | Last Updated: Jan 08, 2025 IST

image
الہٰ آباد: الہٰ آباد ہائی کورٹ نے سنبھل ڈسٹرکٹ کورٹ میں چل رہے کیس کی سماعت پر روک لگا دی ہے۔ ہائی کورٹ نے یہ پابندی سنبھل کی شاہی جامع مسجد کی انتظامی کمیٹی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے لگائی ہے۔الہٰ آباد ہائی کورٹ نے تمام فریقوں سے جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ فریقین کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرنا ہوگا۔ فریقین کے جواب پر مسجد کمیٹی کو دو ہفتوں میں اپنا جواب داخل کرنا ہو گا۔  
 
الٰہ آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ضلع عدالت میں چل رہے کیس کی سماعت پر روک لگانے کے بعد مسلم فریق کو فوری راحت ملی ہے۔ جانکاری کے مطابق ہائی کورٹ میں آج اس معاملے کی سماعت جسٹس روہت رنجن اگروال کی سنگل بنچ میں ہوئی۔ ہائی کورٹ اس معاملے پر 25 فروری کو دوبارہ سماعت کرے گا۔ کیس کی سماعت نئے کیس کے طور پر 25 فروری کو ہوگی۔ 
 

یہ مقدمہ 19 نومبر کو عدالت میں دائر کیا گیا تھا۔

 
 19 نومبر کو سنبھل کی ضلعی عدالت میں ہری شنکر جین اور دیگر کی جانب سے ایک مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ ہندو فریق نے دعویٰ کیا تھا کہ مغل دور کی شاہی جامع مسجد اسی جگہ بنائی گئی تھی جہاں کبھی ہری ہر مندر تھا۔ عدالت نے مسجد کمپلیکس کے سروے کا حکم دیا، جس سے علاقے میں کشیدگی اور 24 نومبر کو تشدد ہوا تھا۔ 24 نومبر کو دوسرے سروے کے دوران مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور پتھراؤ اور آتش زنی کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ  کہ سپریم کورٹ نے تمام نچلی عدالتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک کسی بھی عبادت گاہ کے سروے کا مطالبہ کرنے والے نئے مقدمات کی سماعت نہ کریں۔ مسلم فریق کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شکیل احمد واری نے کہا کہ ہم نے عدالت میں مذکورہ حکم نامے کی کاپی جمع کرائی ہے جس میں سماعت کی اگلی تاریخ 5 مارچ مقرر کی گئی ہے۔