سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کے روز سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک گروہ کا پردہ فاش کیا۔ پولیس نے دو منشیات سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے آٹھ کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔سری نگر کے ایس ایس پی امتیاز حسین میر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ منشیات پاکستان سے اسمگل کی گئی تھیں۔ پولیس چوکی کمار واڑی کی ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو برتھانہ کراسنگ پر روکا، جس میں آٹھ کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت 30-32 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گاڑی کی مکمل تلاشی لینے پر ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے سے چھ کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزم سے الگ سے دو کلو گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔ اسے ایک کلو پولی تھین کے تھیلوں میں چھپایا گیا تھا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت انس اعجاز اعوان اور زاہد احمد شیخ کے طور پر کی گئی ہے جو ٹنگدھر کپواڑہ کے رہنے والے ہیں۔پریم پورہ پولیس اسٹیشن میں نارکوٹکس ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی حسین نے کہا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ اس سمگلنگ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری بھی ممکن ہے۔