دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے آج 6 جنوری کو بڑا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے AAP کی مہیلا سمان یوجنا کے جواب میں 'پیاری دیدی یوجنا' کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ دہلی میں اقتدار میں آتی ہے تو وہ خواتین کو 2500 روپے دے گی۔ اس کا اعلان کرناٹک کے نائب وزیر اعلی اور کانگریس کے ڈی کے شیوکمار نے دہلی میں کیا ہے۔ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ کرناٹک میں خواتین کو اسکیم کا فائدہ مل رہا ہے۔ اگر ہم دہلی میں اقتدار میں آئے تو پہلی کابینہ میں اس اسکیم کو نافذ کریں گے۔ میں یہاں کرناٹک ماڈل کی طرح پیاری دیدی اسکیم کا اعلان کرنے آیا ہوں۔
اسکے علاوہ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ منموہن سنگھ کے دور میں ہم نے تعلیم، خوراک کی حفاظت اور روزگار کے حوالے سے ضمانتیں دی تھیں۔ ہم نے پوری دستاویز اور آئین کے مطابق دی تھی۔ دہلی کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم نے کئی سالوں تک ملک پر حکومت اور انکی خدمت کی ہے۔ میں دہلی کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں ایک اور موقع دیں تاکہ ہم ملک اور دہلی کو بدل سکیں۔
واضح رہے کہ حکمراں عام آدمی پارٹی نے مہیلا سمان یوجنا کے تحت 2100 روپے دینے کا وعدہ کیا ہے اور اس کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ اس معاملے پر بی جے پی اور کانگریس دونوں نے عام آدمی پارٹی پر شدید تنقید کی ہے اور پوچھا ہے کہ جب پارٹی اقتدار میں ہے تو اسے اب اس پر عمل کرنے سے کس نے روکا ہے؟