نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے کراؤڈ فنڈنگ مہم شروع کر دی ہے۔ اتوار کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں وزیر اعلیٰ آتشی نے اپنے اسمبلی حلقہ 'کالکاجی' کے لیے اس مہم کا آغاز کیا اور عوام سے حمایت کی اپیل کی۔ آتشی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی سیاست ایمانداری پر مبنی ہے۔ جب سے ہماری پارٹی بنی ہے، دہلی کے عام لوگ ہمیں چھوٹےچھوٹے چندے دے کر الیکشن لڑنے میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم کرپشن سے پاک سیاست کرنے اور عوام کے لیے اچھے سرکاری اسکول، اسپتال اور محلہ کلینک جیسی اسکیمیں نافذ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ آتشی کا ہدف:
وزیر اعلیٰ آتشی نے اپنے اسمبلی حلقہ کالکاجی سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انتخابی مہم کے لیے 40 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دہلی اور ملک بھر کے لوگوں سے کراؤڈ فنڈنگ مہم میں حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔ اس کے لیے انہوں نے پارٹی کی آفیشل ویب سائٹ بھی جاری کی۔ جہاں لوگ ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ اور UPI کے ذریعے چندہ دے سکتے ہیں۔
آتشی کا بی جے پی پر تنقید!
وزیر اعلیٰ آتشی نے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہم بڑے صنعت کاروں اور ٹھیکیداروں سے انتخابات کے لیے پیسے نہیں لیتے ہیں۔ ہماری پارٹی کے رہنما اور ایم ایل اے اپنی تنخواہوں سے اپنا گھر چلاتے ہیں۔ اگر ہم نے الیکشن لڑنے کے لیے بدعنوانی کا سہارا لیا ہوتا تو دہلی کے فلائی اوور اور اسکولوں میں دراڑیں پڑ جاتیں اور سرکاری اسکیمیں لاگو نہ ہوتیں۔ الیکشن لڑنے کے لیے 40 لاکھ روپے اکٹھے کرنا کوئی بڑی بات نہیں تھی۔
بی جے پی کے بدعنوانی کے الزامات کا جواب:
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سی اے جی کی رپورٹ کی بنیاد پر عام آدمی پارٹی پر 2026 کروڑ روپے کی بدعنوانی کا الزام لگایا ہے ۔ اس پر آتشی نے جوابی حملہ کرتے ہونے کہا کہ بی جے پی طاقت اور پیسے کا غلط استعمال کرتی ہے۔ انتخابات کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا اس کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ اس نے پہلے ہی سرکاری ٹھیکوں اور صنعت کاروں سے بھاری رقم اکٹھی کی ہے۔ وہیں عام آدمی پارٹی کی سیاست عوام کی حمایت اور ان کے تعاون پر مبنی ہے۔
بی جے پی لیڈر ہار کے خوف سے الیکشن نہیں لڑنا چاہتے!
یہ ہماری ایماندار حکمرانی کا سب سے بڑا ثبوت ہے کہ بی جے پی کے لیڈر ہار کے خوف سے الیکشن نہیں لڑنا چاہتے۔بی جے پی کی جانب سے ابھی تک تمام امیدواروں کا اعلان نہ کرنے پرآتشی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس دہلی میں الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر بار بار ہارنے کے خوف سے الیکشن لڑنے کو تیار نہیں ہیں۔