حیدرآباد:بی آر ایس لیڈر اور حضور آباد کے ایم ایل اے کوشک ریڈی کو کریم نگر پولیس نے کل حیدرآباد کے جوبلی ہلز سے گرفتار کیا تھا۔ کریم نگر تھری ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں آج صبح کوشک ریڈی کا طبی معائنہ کرایا گیا جس کے بعد انہیں آج جج کے سامنے پیش کیاگیاجہاں جج نے انہیں ضمانت دے دی۔ پولیس نے بی آر ایس ایم ایل اے کو سیکنڈ ایڈیشنل جونیئر سول جج پریم لتا کے سامنے پیش کیا جنہوں نے ان کی ضمانت منظور کرلی۔یاد رہے کہ جگتیال کے ایم ایل اے سنجے نے کریم نگر فرسٹ ٹاؤن پولیس میں شکایت درج کرائی جس میں الزام لگایا گیا کہ دو دن قبل کریم نگر کلکٹریٹ میں وزراء کے ذریعہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کوشک ریڈی نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔
کوشک ریڈی کے خلاف تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اس تناظر میں کریم نگر پولیس نے کل حیدرآباد میں ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں حصہ لینے والے کوشک ریڈی کو گرفتار کرکے کریم نگر منتقل کیاتھا۔ اس دوران کوشک ریڈی نے ضمانت ملنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم سنکرانتی منارہے ہیں اس لئے وہ کوئی سیاسی بات کرنا نہیں چاہتے۔ کوشک ریڈی نے کہاکہ وہ کل حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس پریس کانفرنس میں وہ تمام حقائق پر سے پردہ اٹھائیں گے۔
دوسری جانب ایم ایل اے کوشک ریڈی کی گرفتاری کے بعد پولیس نے سابق وزیر ہریش راؤ کو گھر میں نظر بند کردیا ۔ کوکاپیٹ میں ان کی رہائش گاہ پر خصوصی پولیس فورس کو بھاری تعداد میں تعینات کردیا گیا۔ اس دوران ہریش راو کو گھر پر نظربند کرنے پر بی آر ایس نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بی آر ایس نے کہاکہ کانگریس حکومت اپوزیشن کی آواز ختم کرنا چاہتی ہے۔ پارٹی نے مزید کہاکہ ہریش راو کو گھر پر نظربند کرنا جمہوریت کے مغائر ہے۔ بی آر ایس نے کہاکہ ریاستی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اپوزیشن ارکان کے خلاف غیرجمہوری طریقے سے کاروائیاں کررہی ہے۔
اسکے علاوہ ہریش راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کوشک ریڈی کی گرفتاری پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہریش راو نے کہاکہ عدالت نے کوشک ریڈی کو ضمانت دے دی ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اپوزیشن ارکان کے خلاف جھوٹی کاروائی کررہی ہے۔ ہریش راو نے الزام عائد کیاکہ پولیس نے جان بوجھ کر کوشک ریڈی کو کریم نگر منتقل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس طرح کی کاروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔