• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس میں سابق وزیراعظم کو پیش کیا گیا خراج

تلنگانہ اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس میں سابق وزیراعظم کو پیش کیا گیا خراج

Reported By: | Edited By: Sahjad mia | Last Updated: Dec 30, 2024 IST

image
تلنگانہ اسمبلی کا آج خصوصی اجلاس طلب کیاگیا۔ یہ ایک روزہ خصوصی اجلاس سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کرنے کے مقصد سے طلب کیاگیا۔ طویل جدوجہد کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب ڈاکٹر منموہن سنگھ کی بطور وزیراعظم دوسری معیاد کے دوران پورا ہوا تھا۔ کانگریس حکومت نے تلنگانہ کیلئے سابق وزیراعظم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج پیش کرنے کے مقصد سے یہ اجلاس طلب کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بطور وزیر فینانس اور وزیراعظم جو خدمات انجام دی ہیں اس کے نشان آج کے ہندوستان میں بھی نظر آتے ہیں۔
 
اسکےعلاوہ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ منموہن سنگھ نے نازک حالات میں معاشی اصلاحات کے ذریعہ ملک کی معیشت کو طاقتور بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے قیام میں بھی ان کا رول ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق ہندوستانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی تجویز پیش کی۔ریونت ریڈی نے منموہن سنگھ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیراعظم نے ہندوستان کی کمزور معیشت میں جان ڈالنے کا کام کیاہے۔  انہوں نے کہاکہ آج ہندوستان طاقتور معیشت ہے تو یہ منموہن سنگھ کی انتھک  کوششوں کا نتیجہ ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ منموہن سنگھ نے جمہوریت کی بقا کیلئے بھی جو خدمات انجام دی ہیں وہ بے مثال ہیں۔ 
 
وہيں بی آرایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے بھی سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کیا۔ تلنگانہ اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ منموہن سنگھ نے نہ صرف وزیراعظم بلکہ وزیر خزانہ کے طورپر بھی اس ملک کی بے مثال خدمت انجام دی ہے۔ طویل عرصہ تک جدوجہد کے بعد تلنگانہ کا خواب بھی منموہن سنگھ کے دور میں شرمندہ تعبیر ہوا تھا۔ کےٹی آر نے مزید کہاکہ بی آر ایس پارٹی آج منموہن سنگھ کو بھرپور خراج پیش کرتی ہے۔